تاثیر،۳۱ مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
جموں ،31 مئی:جموں کے اکھنور علاقے میں جمعرات کو اترپردیش سے آئے یاتریوں کی بس کو پیش آئے المناک سڑک حادثے کی جانچ کا حکم دے دیا گیا ہے۔ یو پی کے ہاتھرس اور علی گڑھ سے درشن کرنے آئے یاتریوں کی بس اکھنور میں حادثے کا شکار ہو گئی۔ ضلع مجسٹریٹ جموں سچن کمار ویشیہ نے بتایا کہ اس حادثے میں 22 افراد کی موت ہوئی ہے۔اور 57 زخمی جی ایم سی جموں اور ایس ڈی ایچ اکھنور میں زیر علاج ہیں۔ ضلع مجسٹریٹ نے حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کے لیے مجسٹریٹ انکوائری شروع کر دی ہے۔اے ڈی ایم جموں اس سلسلے میں سات دن کے اندر رپورٹ پیش کریں گے۔ ضلع انتظامیہ کی نگرانی میں زخمیوں کا علاج چل رہا ہے۔انتظامیہ مسافروں کے آبائی مقامات ہتھرس اور علی گڑھ کے حکام سے رابطے میں ہے۔

