تاثیر۵ جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی،05 جون : لوک سبھا الیکشن 2024 کرکٹرز کے لیے خوش قسمت ثابت ہوا ہے۔ ایک نہیں بلکہ دو سابق کرکٹرز نے انتخابات میں جیت درج کی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ دونوں کرکٹر اپنے اپنے دور میں ورلڈ چیمپئن ٹیم کا حصہ رہے ہیں اور دونوں ایک ہی پارٹی ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) سے منتخب ہوئے ہیں۔ یہ دونوں کرکٹر کوئی اور نہیں بلکہ کیرتی آزاد اور یوسف پٹھان ہیں۔کیرتی آزاد، 1983 میں کپل دیو کی قیادت میں ورلڈ کپ جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کے رکن رہے ہیں۔ انہوں نے لوک سبھا انتخابات 2024 میں مغربی بنگال کی بردھمان-درگاپور سیٹ سے کامیابی حاصل کی ہے۔ کیرتی آزاد نے بی جے پی کے سینئر لیڈر دلیپ گھوش کو 1,37,981 ووٹوں سے شکست دی۔وہیں سابق کرکٹر یوسف پٹھان نے پانچ بار کے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ادھیر رنجن چودھری کو شکست دی۔ گجرات سے تعلق رکھنے والے پٹھان نے مغربی بنگال کی بہرام پور لوک سبھا سیٹ پر 59,351 ووٹوں سے جیت درج ی۔ یوسف پٹھان 2007 اور 2011 میں ورلڈ کپ جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کے رکن رہ چکے ہیں۔ یوسف پٹھان پہلی بار سیاست میں قسمت آزما رہے ہیں۔ وہیں کیرتی آزاد کو سیاست کا کافی تجربہ ہے اور وہ پہلے بھی ممبر پارلیمنٹ رہ چکے ہیں۔ادھر جیولین تھرو میں دو بار کے پیرا اولمپک چیمپئن دیویندر جھاجھریا کو راجستھان کی چورو لوک سبھا سیٹ پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کانگریس کے راہل کسوان نے بی جے پی کے دیویندر جھاجھریا کو 72,737 ووٹوں سے شکست دی۔لیجنڈ ہاکی کھلاڑی اور ہاکی انڈیا کے موجودہ صدر دلیپ ٹرکی بھی الیکشن ہار گئے ہیں۔ بیجو جنتا دل کے امیدوار دلیپ ٹرکی کو سندر گڑھ سیٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہیں بی جے پی کے تجربہ کار لیڈر اور سابق مرکزی وزیر جوئل اورم نے 1,36,737 ووٹوں سے شکست دی۔

