تاثیر۱ جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، یکم جون : پونے ہٹ اینڈ رن کیس میں ہفتہ کی صبح پولیس نے اس معاملے میں نابالغ ملزم کی ماں کو گرفتار کر لیا۔ دوسری طرف پولیس اس معاملے میں نابالغ ملزم سے پوچھ گچھ کر رہی ہے جسے پہلے ہی اس معاملے میں جوینائل ہوم بھیجا جا چکا ہے۔ نابالغ ملزم کی والدہ کو بھی تفتیش کے دوران موقع پر موجود رکھا گیا ہے۔ پونے پولیس ملزم کی ماں کو بھی عدالت میں پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔
معلومات کے مطابق پونے میں 19 مئی کو نابالغ ملزم نے نشے کی حالت میں بغیر نمبر پلیٹ کے پورشے کار چلاتے ہوئے بائک کو ٹکر مار دی تھی۔ اس واقعہ میں موٹر سائیکل سوار انیش دودیا اور اشونی کوسٹا کی موت ہوگئی۔ جس کے بعد ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ عدالت نے نابالغ ملزم کو 5 جون تک جوینائل ہوم میں بھیج دیا۔
اس کے بعد پولیس نے نابالغ ملزم کے والد اور دادا کو ملزم کے خون کے نمونے تبدیل کرنے اور ڈرائیور کو سارا معاملہ اپنے اوپر لینے کی دھمکی دینے پر گرفتار کر لیا۔ دونوں اس وقت عدالتی حراست میں ہیں۔
نابالغ ملزم کے خون کے نمونے تبدیل کرنے کے معاملے میں ساسون اسپتال کے ڈاکٹروں نے تین افراد کے خون کے نمونے لیے تھے۔ ملزم کی ماں نے اپنے خون کا نمونہ بدلنے کے لیے دیا تھا۔ اس معاملے میں آج ملزم کی ماں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

