تاثیر۴ جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 4 جون : بھارتیہ جنتا پارٹی لوک سبھا انتخابات میں سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے لیکن قطعی اکثریت کے اعداد و شمار سے 30 سیٹیں کم ہے۔ ایسی صورت حال میں اسے دوسری جماعتوں سے اتحاد کی ضرورت ہوگی۔ این ڈی اے اتحاد اپنے طور پر 296 کے قریب نظر آرہا ہے۔ ایسی صورت حال میں اتحادیوں کو ساتھ بنے رہنا ضروری ہے۔
اسی سلسلے میں لوک جن شکتی پارٹی رام ولاس، جسے بہار میں پانچ سیٹیں ملتی نظر آرہی ہے، اس کے لیڈر چراغ پاسوان نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں اعتما دظاہر کیا ہے۔انہوں نے ٹویٹ کر کے کہا کہ ملک میں ایک بار پھر مودی حکومت بنے گی۔
پاسوان نے ٹویٹ کیا اور کہا کہ وہ اور ان کی پارٹی لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی کی حمایت میں مضبوطی کے ساتھ کھڑی ہے ۔ وزیر اعظم کی قیادت میں این ڈی اے مکمل اکثریت کے ساتھ حکومت بنانے جا رہی ہے۔ ملک کو تیسری بار مضبوط اور طاقتور حکومت ملنے جا رہی ہے۔

