انشو جموال ائیر ڈیفنس رجمنٹ کی کمانڈ کرنے والی کی پہلی افسر بن گئیں

تاثیر۲۰  جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

جموں, 20 جولائی:جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والی کرنل انشو جموال ہندوستانی فوج کی آپریشنل ایئر ڈیفنس رجمنٹ کی کمانڈ کرنے والی پہلی خاتون فوجی افسر بن گئیں۔ جموں کے راہیا گاؤں کی رہائشی کرنل انشو جموال نے 18 مارچ 2006 کو آفیسرز ٹریننگ اکیڈمی چنئی سے کمیشن حاصل کیا تھا۔ اْنہوں نے او ٹی اے چنئی اور اے ڈی کالج میں انسٹرکٹر کے طور پر کام کیا۔ فوجی افسر نے اقوام متحدہ کی امن فوج کے ساتھ مونوسکو میں ملٹری مبصر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ ہندوستان واپسی پر، وہ آرمی ہیڈکوارٹر میں تعینات تھی اور اب انہیں ہندوستانی فوج کی ایک آپریشنل ایئر ڈیفنس رجمنٹ کی کمانڈ کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ کرنل انشو جموال کے والد بیر سنگھ جموال نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ہماری بیٹی فضائی دفاعی رجمنٹ کی کمان کرے گی اور وہ ایسا کرنے والی پہلی خاتون افسر بن گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس موقع پر موجود تھے جب ان کی بیٹی نے یونٹ کی کمان سنبھالی۔ بیر سنگھ جموال نے کہا کہ ان کی بیٹی ہمیشہ کچھ مختلف کرنا چاہتی تھی جب کہ خاندان اسے تعلیمی میدان میں اپنا کیریئر بنانے پر زور دے رہا تھا۔شروع میں ہم چاہتے تھے کہ وہ ٹیچر بنیں لیکن وہ کچھ مختلف کرنا چاہتی تھیں۔ میں نے اس کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا۔ سنگھ نے کہا کہ وہ یہ بتاتے ہوئے فخر محسوس کرتے ہیں کہ ان کی بیٹی نے لیہہ سمیت مشکل علاقوں میں ملک کے لیے کام کیا۔