تاثیر۱۸ جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
کولکتہ، 18/ جولائی (محمد نعیم) بینک بچاؤ دیش بچاؤ منچ نے بروز جمعرات 18/ جولائی کو کولکتہ پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس کا اہتمام کیا۔ اس پریس کانفرنس میں منچ کے ایک سال مکمل ہونے پر منچ کی جانب سے 19/ جولائی بروز جمعہ کی شام کو جادو پور اے ٹی بی چوراہے پر منعقد ہونے والے سنکلپ اجلاس میں عام لوگوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
بینک بچاؤ دیش بچاؤ منچ کے جوائنٹ کنوینر وشو رنجن رائے نے کہا کہ ‘ بینکوں کے آن لائن لین دین میں مرکزی حکومت کی بنیاد کمزور ہے، اور اس لیئے مرکزی حکومت تیزی سے سرکاری بینکوں کو صنعت کاروں کے حوالے کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ تاہم ہم اس فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد عامہ کے تحت ہم حکومت کے فیصلوں کا مزاحمت کرنے کے لئے تیار ہیں۔ جبکہ منچ کے مشترکہ کنوینر میں سے ایک سومیہ دتہ نے کہا کہ “ہم نے گزشتہ عام انتخابات میں لوگوں سے اپیل کی تھی کہ جو سرکاری بینکوں کی نجکاری کرنا چاہتے ہیں، عام لوگوں کے جمع شدہ پیسے کو لوٹنا چاہتے ہیں، اس کا مناسب جواب دیں۔ اس معاملے میں لوگوں نے اس اپیل کا کافی حد تک جواب دیا۔ لیکن آگے کی لڑائی زیادہ مشکل ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہمیں ڈر ہے کہ مرکزی حکومت بجٹ میں بینکوں کی نجکاری کی بات کر سکتی ہے۔ لیکن اگر ایسا کوئی فیصلہ لیا جائے تو حکمران کو سڑکوں پر عوامی تحریک کے لی تیار رہنا چاہئے۔‘‘

