تاثیر۱۶ جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نفیسہ خوشتر شمسی نے اصلاح معاشرہ کے موضوع پر اپنے مخصوص انداز میں عمدہ خطابت سے خواتین و دخترانِ ملتِ اسلامیہ کے اذہان و افکار کو روشن کیا۔
ٹھاکرگنج (محمد شاداب غیور)
کشن گنج ضلع سے متصل ٹھاکرگنج شہر میں واقع اردو کالونی میں گزشتہ روز جامعہ برکات تاج الشریعہ للبنات کے احاطے میں دختران اسلام کے لئے یک روزہ محفل ذکر شہدائے کربلا کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ جس میں خواتیں و دخترانِ ملتِ اسلامیہ نے پورے جوش وخروش اور انتہائی ادب واحترام کے ساتھ شرکت فرمائیں۔
اہلسنت کی روایت کے مطابق پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآنِ حکیم سے ہوا، تلاوتِ قرآنِ کریم کا شرف عالمہ فاضلہ مصباح فاطمہ صاحبہ جامعہ ھذا نے حاصل کی، جبکہ نظامت کے فرائض محترمہ عالمہ صاحبہ خاتون انجام دے رہی تھیں۔ اور یکے بعد دیگرے متعلمہ نور ثانی، عالمہ فاضلہ محترمہ سمیہ فاطمہ صاحبہ، عالمہ فاضلہ صاحبہ خاتون اور عالمہ فاضلہ نکہت فاطمہ صاحبہ اپنے مخصوص لب و لہجے اور ترنم ریز آواز سے خواتیں و دخترانِ اسلام کے قلوب و اذہان کو نعتیہ کلام سنا کر مُنور و مجلّٰی کرتی رہی۔ متعینہ وقت پر خطیبہ باوقار عالمہ فاضلہ محترمہ مصباح فاطمہ صاحبہ جامعہ ھذا نے شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ کے موضوع پر شاندار اور قابل تحسین خطابت فرماکر سامعات کے دلوں کو موہ لیا، بعدازاں خطیبہ سیمانچل حضرت عالمہ فاضلہ محترمہ نفیسہ خوشتر شمسی صاحبہ کو دعوتِ خطابت دی گئی آپ نے اصلاح معاشرہ کے موضوع پر اپنے مخصوص انداز میں پُر مغز اور عمدہ خطابت سے خواتین و دخترانِ ملتِ اسلامیہ کے اذہان و افکار کو روشن و بیدار کیا۔ اس تقریب سعید کا اختتام قیام و صلوٰۃ و سلام کے بعد عالمہ و فاضلہ محترمہ فاطمہ صاحبہ کی رقت انگیز دعا پر ہوا۔

