صدرجمہوریہ ہند اور وزیر اعظم نے منو بھاکر اور سربجوت سنگھ کو مبارکباد دی

تاثیر۳۰  جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 30 جولائی: صدرجمہوریہ ہند دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو پیرس اولمپکس میں 10 میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم ٹورنامنٹ میں کانسہ کا تمغہ جیتنے پر منو بھاکر اور سربجوت سنگھ کو مبارکباد دی ہے۔ صدرجمہوریہ نے انسٹاگرام پر پوسٹ کیا10 میٹر کی شوٹنگ کے لیے مخلوط ٹیم منو بھاکر اور سربجوت سنگھ کو ایئر پسٹل مقابلے میں ہندوستان کے لیے کانسہ کا تمغہ جیتنے پرمبارکباد۔ منو بھاکر نے ایک ہی اولمپک گیمز میں دو تمغے جیتنے والی ہندوستان کی پہلی خاتون شوٹر بن کر تاریخ رقم کی ہے۔ اس نے ہمیں بے حد فخرمحسوس کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ میں انہیں اور سربجوت سنگھ کو مستقبل میں بہت سی مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتی ہوں۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے ایکس پوسٹ میں کہا کہ منو بھاکر اور سربجوت سنگھ کو اولمپکس میں 10 میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم ایونٹ میں کانسہ کا تمغہ جیتنے پر مبارکباد۔ دونوں نے بڑی مہارت اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا ہے۔ ہندوستان ناقابل یقین حد تک خوش ہے۔ منو کے لیے یہ ان کا لگاتار دوسرا اولمپک تمغہ ہے، جو ان کی مسلسل لگن اور عزم کی عکاسی کرتا ہے۔