ملک کی 19 ریاستوں میں چار دنوں تک شدید بارش کا الرٹ

تاثیر۱۶  جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 16 جولائی: اس وقت اتر پردیش، اتراکھنڈ، شمال مشرقی، مہاراشٹر، کیرالہ اور کرناٹک میں موسلادھار بارش اور سیلاب کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی ہے۔ اتر پردیش، گجرات، بہار اور آسام سمیت کئی ریاستوں میں سیلاب کی سنگین صورتحال ہے۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے آج سے چار دن تک 19 ریاستوں میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔
محکمہ نے پیشن گوئی جاری کی ہے کہ آج کیرالہ، گوا، مہاراشٹر، کرناٹک اور گجرات کے سوراشٹر اور کچھ میں موسلادھار بارش ہوگی۔ محکمہ نے اس کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ پیشن گوئی میں کہا گیا ہے کہ 18-17 کو اتراکھنڈ، 18 کو مشرقی راجستھان، 19 کو اڈیشہ اور 19-18 جولائی کو آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں شدید بارش ہوگی۔ محکمہ نے ان ریاستوں کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔
ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے اتر پردیش، جموں و کشمیر، ہماچل پردیش، پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ، دہلی، بہار، جھارکھنڈ، اڈیشہ، شمال مشرقی اور جنوبی ریاستوں میں بھی موسلادھار بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کئی ریاستوں میں شدید بارش ہوئی۔ گجرات کے ولساڈ اور نوساری میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ کیرالہ کے سات اضلاع اور کرناٹک کے شمال کنڑ ضلع میں پیر کو زبردست بارش کی وجہ سے اسکول اور کالج بند رہے۔