یو ایس اوپن : پہلے راونڈ میں ہارکر باہر ہوئے سمت ناگل

تاثیر  ۲۷   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 27 اگست:مردوں کے سنگلز زمرے میں ہندوستان کے سب سے زیادہ رینکنگ کے مرد ٹینس کھلاڑی سمت ناگل منگل کو نیدرلینڈ کے ٹیلون گریکسپور سے ہارنے کے بعد یو ایس اوپن سے باہر ہوگئے۔ ناگل کو ان سے کہیں بہتر رینک والے کھلاڑی کے خلاف 1-6، 3-6، 6-7 سے سیدھے سیٹوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ڈچ کھلاڑی نے پہلے سیٹ پر مکمل طور پر غلبہ حاصل کیا اور کئی بار ناگل کی سروس کو توڑا اور 1-6 سے جیت درج کی۔ دنیا میں 40 ویں نمبر کے گریکسپور کسی بھی طرح سے ایکسلریٹر سے اپنا پاوں ہٹانے کے موڈ میں نہیں تھے اور ہندوستانی کھلاڑی کو بیک فٹ پر ہی رکھا۔ ناگل نے دوسرے سیٹ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن یہ گریکسپور کو روکنے کے لیے کافی نہیں تھا اور ناگل نے دوسرا سیٹ بھی 3-6 سے کھو دیا۔
جلدی باہر ہونے کے خوف سے ناگل نے تیسرے سیٹ میں اپنی سطح کو بڑھایا اور میچ میں برقرار رہنے کے لیے سات پوائنٹ کے ٹائی بریکر میں دو سیٹ پوائنٹس جیتے۔ تاہم ڈچ کھلاڑی نے اس فرق کو کم کرنے کے لیے شاندار ایس لگایا اور پھر جیت درج کی۔
2019 اور 2020 میں اپنے پچھلے دو مقابلوں کے بعد یہ ناگل کا یو ایس اوپن کے مین ڈرا میں تیسرا داخلہ تھا۔ 27 سالہ کھلاڑی کا اب تک کا سیزن بہت خراب رہا ہے۔ وہ آسٹریلین اوپن میں دوسرے راونڈ سے آگے بڑھنے میں ناکام رہے اور فرنچ اوپن اور ومبلڈن چیمپئن شپ میں پہلے راونڈ سے باہر ہو گئے۔
ناگل کو پیرس اولمپکس میں بھی مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب انہیں پہلے راونڈ میں فرانسیسی کھلاڑی کورینٹن موٹیٹ سے شکست کے بعد باہر ہونا پڑا تھا۔
دریں اثنا یو ایس اوپن میں ہندوستان کی امیدیں ابھی بھی زندہ ہیں کیونکہ روہن بوپنا، یوکی بھامبری اور این شری رام بالاجی کو اپنے اپنے جوڑی داروں کے ساتھ مینز ڈبلز زمرے میں اپنی مہم کی شروعات کرنی ہے۔