تاثیر ۲۷ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
جموں، 27 اگست:جموں و کشمیر کے رامبن ضلع میں بادل پھٹنے کے بعد لاپتہ ہونے والے پانچ دیگر افراد کو تلاش کرنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ ریسکیو آپریشن کے دوران منگل کو دو لاشیں برآمد کی گئیں، جن میں ایک 12 سالہ لڑکا بھی شامل ہے۔ حکام نے بتایا کہ راج گڑھ تحصیل کے پنچایت کمیت، درمن اور ہالہ میں پیر کی دوپہر کو بادل پھٹنے سے ٹینگر اور داڈی ندی نالوں میں سیلاب آ گیا۔ تحصیلدار راج گڑھ میجر سنگھ نے بتایا کہ سیلاب میں تین مختلف خاندانوں کے سات افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔
نامساعد موسم کے باوجود، ریسکیو ٹیم اب تک دو افراد کی لاشیں نکالنے میں کامیاب ہوئی ہے ، جن کی شناخت یاسر احمد ساکن گڈگرام اور خالد احمد پریہار ساکن سولی کمیت کے طور پر ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ باقی پانچ لاپتہ افراد کو تلاش کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ خالد احمد کی والدہ نسیمہ بیگم اور بہن شازیہ بانو، پریہار کی والدہ گلشن بیگم اور بہن سیرت بانو اور چھ سالہ قاضیہ بانو ساکن ڈنگر ڈنڈلہ لاپتہ ہیں۔ ریسکیو ٹیم میں اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے اہلکار، مقامی پولیس اور رضاکار شامل ہیں۔ سنگھ نے کہا کہ مسلسل بارش نے بچاؤ آپریشن میں رکاوٹیں پیدا کی ہیں، کیونکہ ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امدادی کارکنوں کو متاثرہ دیہات تک پیدل پہنچنے میں تقریباً تین گھنٹے لگے ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ گڈگرام اور سونسوا میں دو سرکاری اسکولوں اور دیگر ڈھانچوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، جب کہ تین کھڑی نجی گاڑیاں سیلاب سے بہہ گئیں۔