آر جی کر اسپتال میں سی آئی ایس ایف نے سیکورٹی کی ذمہ داری سنبھال لی

تاثیر  ۲۲   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 22اگست: سپریم کورٹ کی ہدایت پر سینٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کے ایک بڑے دستے نے جمعرات کو آر جی کر اسپتال کی سیکورٹی سنبھال لی۔ سی آئی ایس ایف کی اس ٹیم میں خواتین سپاہی بھی ہیں، جنہوں نے اسپتال کی انتظامی عمارت کے سامنے جمع ہو کر اپنی ذمہ داریاںطے کیں ۔ یہاں 150 اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
منگل کو سپریم کورٹ میں اس معاملے کی سماعت کے دوران اسپتال کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سی آئی ایس ایف کی تعیناتی کا حکم دیا گیا تھا۔ اس کے فوراً بعد بدھ کو سی آئی ایس ایف افسر آر جی کر اسپتال پہنچے اور اسپتال انتظامیہ سے بات چیت کی۔ سی آئی ایس ایف کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل کے پرتاپ سنگھ کی قیادت میں ٹیم نے سیکورٹی پلان تیار کیا اور اسپتال کے احاطے کا دورہ کیا۔
بدھ کی رات بھی سی آئی ایس ایف کے اہلکار اسپتال میں موجود تھے اور اسپتال انتظامیہ سے تفصیلی بات چیت کی۔ اس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ آر جی کر اسپتال میںدو کمپنیوں کاسی آئی ایس ایف دستہ تعینات کیا جائے گا جس میں تقریباً 151جوان ہوں گے۔
قابل ذکر ہے کہ 9 اگست کو آر جی کر اسپتال کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کی چوتھی منزل پر واقع سیمینار ہال میں ایک خاتون ڈاکٹر کی لاش ملی تھی۔ خاتون ڈاکٹر کو زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا تھا جس کے بعد ملک بھر میں غم و غصہ پھیل گیا۔ ملک بھر میں ڈاکٹرز اور ہیلتھ ورکرز سیکورٹی کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کر رہے ہیں۔ دریں اثنا، 14 اگست کی رات آر جی کر اسپتال پر ایک گروپ نے حملہ کر دیا جس نے اسپتال کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں توڑ پھوڑ کی۔ اس کے بعد سپریم کورٹ نے اسپتال میں سی آئی ایس ایف کی تعیناتی کا حکم دیا۔