قومی اساتذہ تنظیم نے ترہت گریجویٹ انتخابی حلقہ میں دس ہزار ووٹرس بنانے کا کیا عزم :‌ محمد رفیع

تاثیر  ۲۱   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ھمارا مقصد ایک مضبوط ٹیم قائم کرنا ہے جس سے اردو و اردو اساتذہ کے مسائل حل کرانا ہو آسان : تاج العارفین 
مظفر پور، (مظفر عالم) قومی اساتذہ تنظیم بہار کی ایک اہم نشست میں ریاستی کنوینر و آزاد صحافی محمد رفیع نے کہا کہ مجوزہ گریجویٹ انتخابی حلقہ ترہت کے لئے دس ہزار ووٹرس بنانے کا ٹاسک تنظیم کے ممبران کو دیا گیا ہے۔ جناب محمد رفیع نے بتایا کہ آج فیض کالونی میں قومی اساتذہ بہار کی ایک اہم نشست ہوئی جس میں اردو زبان کی ترویج و اشاعت، اردو اساتذہ کے مسائل و تنظیم کو مستحکم بنانے کے موضوع پر تبادلہ خیال ہوا اور سنجیدگی سے اس پر غور و خوض کیا گیا۔ جناب رفیع نے اس بات گہرے افسوس کا اظہار کیا کہ سشماہی امتحان کے لئے اردو اسکول کے ذریعہ مکس سوال نامہ کا ڈیمانڈ کیا جا رہا ہے‌۔ انہوں نے تمام اردو اساتذہ و اردو اسکولوں کے ہیڈ ماسٹروں سے درخواست کی ہے کہ وہ پوری طرح حساس رہیں اور اپنی شناخت کو بنائے رکھیں تاکہ ہمارے بعد آنے والی نسلوں کا مستقبل تابناک ہو سکے۔ نشست کی صدارت کرتے ہوئے ریاستی صدر جناب تاج العارفین نے کہا کہ ہمارا مقصد ایک مضبوط ٹیم کی تشکیل دینا ہے جس سے اردو و اردو اساتذہ کے مسائل کو ہم آسانی سے حل کرا سکیں۔ اردو کے حوالے سے ہر سطح پر نت نئے مسائل کا سامنا ہوتا رہتا ہے اس لئے اردو داں اساتذہ کا تنظیم کے بینر تلے متحد ہونا ناگزیر ہے۔ تنظیم کے ریاستی سکریٹری محمد تاج الدین نے اس بات پر زوردیا کہ بلاک سطحی کمیٹی کو مضبوط اور فعال بنایا جائے تاکہ مقامی سطح پر اردو کے مسائل کی نشان دہی ہو سکے، اور منظم طریقے سے اردو کے مسائل کے حل کی سمت میں قدم بڑھایا جا سکے۔ نشست میں ریاستی صدر تاج العارفین، ریاستی کنوینر محمد رفیع کے علاوہ ریاستی سیکریٹری جناب محمد تاج الدین، ریاستی مجلس عاملہ کے رکن ندیم انور، محمد امان اللہ، نسیم اختر، ضلع مظفر پور کے صدر شمشاد احمد ساحل، خازن محمد حماد، صبغت اللہ رحمانی، اور محمد اعجازوغیرہ شامل تھے۔