بہار کے 26 اضلاع میں ہوگی موسلا دھار بارش، محکمہ موسمیات کا الرٹ

تاثیر  ۲۰   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 20 اگست: بہار کے 26 اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ موسمیاتی مرکز پٹنہ نے اس حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے۔ پیشن گوئی کے مطابق آئندہ تین دنوں تک ریاست کے موسم میں تبدیلی دیکھی جا سکتی ہے۔ اس دوران شمالی اور جنوبی بہار کے کچھ حصوں میں ہلکی اور درمیانی بارش متوقع ہے۔ مشرقی بہار کی بات کریں تو کوسی-سیمانچل میں بارش ہو سکتی ہے۔ دوسری طرف راجدھانی پٹنہ سمیت دیگر اضلاع میں مطلع ابر آلود رہے گا۔ اس دوران آسمانی بجلی گرنے کو لیکر الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے جن 26 اضلاع میں بارش کی پیشن گوئی کی ہے، ان میں پٹنہ کے ساتھ ساتھ کشن گنج، ارریہ، سپول، کٹیہار، پورنیہ، مدھے پورہ، سہرسہ، کھگڑیا، بھاگلپور، مونگیر، بانکا، بیگوسرائے، جموئی، شیخ پورہ، لکھی سرائے، نوادہ، نالندہ، جہان آباد، گیا، ارول، اورنگ آباد، روہتاس، کیمور، بکسر، بھوجپورمیں بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ آس پاس کے اضلاع میں بھی موسم کا اثر دیکھا جائے گا۔
محکمہ موسمیات نے منگل کے روز مغربی چمپارن، مشرقی چمپارن، سیتامڑھی اور شیوہر میں بارش کا امکان جاری کیا ہے۔ منگل کی صبح 8 بجے سے آئندہ تین گھنٹوں تک ہلکی اور درمیانی بارش کے ساتھ آسمانی بجلی گرنے کا امکان ہے۔ ان اضلاع میں ایلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
منگل کے روز مغربی بنگال کی طرف سے کم دباو? میں تبدیلی کا امکان ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آئندہ 5 دنوں تک بہار کے موسم میں تبدیلی دیکھنے کو ملے گی۔ اس مدت کے دوران درجہ حرارت میں گراوٹ دیکھی جا سکتی ہے۔ پیر کے روز ریاست میں سب سے زیادہ درجہ حرارت سیتامڑھی میں 38.9 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ سمستی پور کے پوسا میں سب سے کم درجہ حرارت 34.4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ اتوار تک یہاں درجہ حرارت میں 1 ڈگری کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
واضح ہوکہ بہار میں اب تک معمول سے 24 فیصد کم بارش ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے جون سے ستمبر تک 96 سے 104 فیصد بارش کا تخمینہ لگایا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ جون سے ستمبر تک 993.12 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے لیکن توقع کے مطابق بارش نہیں ہو رہی ہے۔