تاثیر ۳۱ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ،31 اگست:بہار ریاستی حج کمیٹی کے عزت مآب چیئر مین الحاج عبد الحق نے اپنے خصوصی پریس اعلانیہ کے ذریعہ مطلع کیا ہے کہ حج 2025کے لئے آن لائن حج درخواست فارم پرُ کرنے کے اب صرف۹ دن اور بچے ہیں۔حج کے خواہشمند ویسے افراد جنہوں نے اب تک کسی وجہ سے اپنا حج درخواست فارم آن لائن نہیں کرایا ہے وہ حج درخواست آن لائن کے لئے مقررہ آخری تاریخ 09.09.2024کے قبل اپنا حج درخواست آن لائن پر کرا لیں۔ حج کے خواہشمند افراد کے لئے حج بھون پٹنہ میں بھی آن لائن حج درخواست پرُ کرنے کی سہولت دستیاب ہے۔آن لائن حج درخواست فارم حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ http://www.hajcommittee.gov.in/ یا آئی فون یا اینڈرائڈ موبائل ایپ حج سویدھا (HAJ SUVIDHA) کے ذریعہ پرُ کیا جا سکتا ہے۔ درخواست دہندگان حج درخواست فارم پرُ کرنے سے قبل حج گائڈ لائن/حلف نامہ کا بغور مطالعہ کر لیں۔ حج درخواست آن لائن کے لئے ضروری دستاویزات میں(۱)بین الاقوامی پاسپوٹ جس کی میعادکم از کم 15.01.2026تک ہو اور مورخہ 09.09.2024 یا اس سے قبل کاجاری کردہ ہو، (۲) رنگین فوٹو (سفید پس منظروالی)، (۳) بینک پاس بک یا کینسل چیک، (۴) بلڈ گروپ(Blood Group)کی جانکاری، (۵) موبائل نمبر، (۶) نومنی(Nomminee) کی تفصیلات۔
موصوف نے تمام ائمہ مساجد ، اساتذہ مدارس،دینی تنظیموں اور ملی اداروں کے ذمہ داران،علماء کرام ومفتیانِ عظام،دانشورانِ قوم و ملت اور سیاسی و سماجی خدمت گار حضرات سے ا پیل کی ہے کہ حج کی فضیلت و اہمیت کو اپنی تقاریر، خطبات اور خصوصی مجالس میں لوگوں کے سامنے اجاگر کیا جائے؛ تا کہ زیادہ سے زیادہ صاحب ِاستطاعت حضرات اس اہم فریضہ کی ادائیگی کی طرف متوجہ ہوسکیں۔ ائمہ مساجد اور خطیب حضرات سے خصوصی گذارش کی ہے کہ جمعہ کے خطبہ میں ترغیب ِحج کے موضوع پر خصوصی توجہ دی جائے۔ ایسے لوگ جنہیں اللہ نے دولت و ثروت کی نعمت سے نوازا ہے انہیں حج کی ادائیگی کی طرف رغبت دلانے سے اچھے نتائج سامنے آئیں گے۔ (ان شاء اللہ)
حج درخواست فارم کے متعلق مزید معلومات کے لئے ریاستی حج کمیٹی کے دفتر کے فون نمبر- 0612-2203315و موبائل نمبر- 8271463343 (اظہار احمد)، 9693638579 (صغیر احمد)،9308102375(محمد اختر حسین)، اور 9709647585(مفتی محمدعبیداللہ قاسمی) یا 7070810696(صفدر علی)سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔