سی بی آئی کی چھاپے ماری کے بعد سندیپ گھوش سے دوبارہ پوچھ گچھ، تین اور لوگ ہوئے حاضر

تاثیر  ۲۵   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 26 اگست: یہاں کے آر جی کر اسپتال کے سابق پرنسپل سندیپ گھوش نے پیر کو دوبارہ سی بی آئی کے دفتر میں حاضری دی ۔ انہوں نے سی جی او کمپلیکس، کولکاتا میں اپنی موجودگی درج کرائی۔ اس دوران سی بی آئی کے افسران بھی وہاں پہنچے ۔ یہ مسلسل دسویں دن ہے جب سندیپ سی بی آئی کے دفتر میں حاضر ہوئے۔
اس کے ساتھ ہی آر جی کر اسپتال کے فارنسک ڈپارٹمنٹ کے سربراہ دیواشیش سوم اور سابق سپرنٹنڈنٹ سنجے وششٹھ نے بھی پیر کو نظام پیلس میں سی بی آئی کے دفتر میں حاضری دی ۔ مرکزی ایجنسی نے اتوار کو ان کے گھروں کی تلاشی لی تھی اور انہیں پیر کو پوچھ گچھ کے لیے بلایا تھا۔
آر جی کر اسپتال میں خاتون ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے معاملے میں جمعہ سے ہی سندیپ گھوش سے سی بی آئی مسلسل پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ انہیں ہر صبح سی جی او کمپلیکس میں حاضر ہونے کے لئے کہا گیا ہے اور وہ رات کو گھر واپس آجاتے ہیں۔ اس دوران انہوں نے میڈیا سے کوئی بات چیت نہیں کی۔ہفتہ تک باقاعدہ حاضری دینے کے بعد سندیپ اتوار کو سی جی او کمپلیکس نہیں پہنچے۔ اتوار کی صبح ہی سی بی آئی بیلگھاٹہ میں ان کے گھر پہنچی اور کچھ دیر تک دستک دینے کے بعد سندیپ نے دروازہ کھولا۔ اس کے بعد کافی دیر تک ان کے گھر کی تلاشی لی گئی۔
سندیپ کا نام آر جی کر اسپتال میں مالی بے ضابطگیوں کے معاملے میں بھی سامنے آیا ہے، جس کے تحت اتوار کو سی بی آئی نے ان کے گھر پر چھاپہ مارا تھا۔ پیر کو سی جی او کمپلیکس میں ان کی حاضری عصمت دری اور قتل کیس میں تھی جبکہ دیواشیش اور سنجے مالی بے ضابطگیوں کے معاملے میں حاضر ہوئے۔
سی بی آئی ذرائع کے مطابق اتوار کو جن لوگوں کے گھروں کی تلاشی لی گئی ،ان سب کو سی بی آئی کے دفتر میں پیش ہونے کے لیے بلایا گیا ہے۔ پیر کو فارنسک میڈیسن ڈپارٹمنٹ کے سربراہ سپترشی چٹوپادھیائے بھی سی جی او کمپلیکس پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ مجھے دستاویزات کی جانچ کے لیے بلایا گیا ہے لیکن فی الحال اس پر کچھ کہنا مناسب نہیں ہوگا، پہلے مجھے بات کرنے دیں پھر میں اس پر تبصرہ کروں گا۔