تاثیر ۱۷ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
بیروت،17اگست:لبنان میں وزارت صحت نے ہفتے کی صبح بتایا ہے کہ اسرائیل نے ملک کے جنوب میں واقع شہر النبطیہ میں ایک رہائشی عمارت کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا ہے۔ اس کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔واضح رہے ک مقبوضہ گولان کے علاقے میں میزائل حملے میں متعدد ہلاکتوں کے بعد گذشتہ چند ہفتوں کے دوران میں کشیدگی میں اضافہ سامنے آیا ہے۔ اسرائیل نے اس حملے پر لبنانی ملیشیا حزب اللہ کو ملامت کا نشانہ بنایا اور بیروت کے جنوبی نواحی علاقے میں حزب اللہ کے ایک سینئر کمانڈر کو ہلاک کر دیا۔
حزب اللہ نے اپنے کمانڈر کی موت پر اسرائیل کو جواب دینے کا فیصلہ کر رکھا ہے۔
یاد رہے کہ لبنان اسرائیل سرحد پر جارحیت کے نتیجے میں اب تک لبنان میں 565 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں کم از کم 116 شہری ہیں۔ یہ اعداد و شمار لبنانی حکام اور حزب اللہ کے بیانات کی بنیاد پر ہیں۔ادھر اسرائیلی حکام کے مطابق اس دوران میں کم از کم 22 اسرائیلی فوجی اور 26 شہری مارے جا چکے ہیں۔سات اکتوبر کو غزہ کی پٹی میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان لڑائی کا تبادلہ جاری ہے۔