تاثیر ۱۷ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
لوگ بھاجپا سابق ایم ایل اے جواہر پرساد کو بھی دیکھ رہے ہیں شک کی نگاہ سے،جو 1990 سہسرام میں ہوئے فرقہ وارانہ فساد کی اپج ہیں
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) سہسرام کے تاریخی شیرشاہ سوری مقبرہ احاطہ میں قابل اعتراض نعرے لگانے پر نامعلوم افراد کے خلاف ٹاؤن پولس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے، یہ جانکاری دیتے ہوئے ٹاؤن پولس اسٹیشن انچارج نے بتایا کہ وائرل ویڈیو کی بنیاد پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے، سہسرام نگر پولس اسٹیشن کے ایس ایچ او روی رنجن گپتا نے درج کرایا ہے ۔ ویڈیو وائرل جس میں کچھ سماج دشمن عناصر اجتماعی طور پر شیرشاہ سوری مقبرہ میں مذہبی اشتعال انگیز اور قابل اعتراض نعرے لگا رہے ہیں، ویڈیو میں دیکھا گیا ہے کہ سماج دشمن عناصر پورے مقبرہ احاطہ میں گھوم رہے ہیں اور نعرہ لگا رہے ہیں ۔ وائرل ویڈیو 15 اگست 2024 کی بتائی گئی ہے ۔ مذکورہ وائرل ویڈیو سے ایک خاص مذہب کے لوگوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچتا ہے جسکی وجہ سے سہسرام نگر تھانہ علاقے میں امن و امان میں خلل پڑنے کا قوی امکان ہے کیونکہ سوشل میڈیا پر کسی بھی فرقے، برادری اور مذہب کے بارے میں ایسی پوسٹ کرنا جس سے کسی بھی شخص کے مذہبی جذبات مجروح ہوں قابلِ سزا جرم ہے ۔ اس معاملے کو لیکر سہسرام نگر تھانہ میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہے ۔ اس ویڈیو کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولس حرکت میں آئی اور اس معاملے میں انڈین جسٹس کوڈ اور آئی ٹی ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ۔ سہسرام نگر پولس اسٹیشن کے انچارج راجیو رنجن رائے نے بتایا کہ شیرشاہ مقبرہ احاطہ میں قابل اعتراض نعرے لگانے پر 15 سے 20 نامعلوم افراد کے خلاف آئی پی سی ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔ مذکورہ معاملے کو لیکر باشندگان سہسرام میں کافی غم و غصہ پایا جا رہا ہے اور لوگ یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ شیر شاہ مقبرہ پر فرقہ وارانہ سازش کو برداشت نہیں کیا جائیگا، لوگ بھاجپا کے سابق ایم ایل اے جواہر پرساد کو بھی شک کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں، جو 1990 میں سہسرام میں ہونے والے فسادات کی اپج ہیں تب سے وہ ایم ایل اے بنے ہیں، ہنگامہ کھڑا کرنا انکا شیوہ رہا ہے، اگر بھاجپا انہیں آئندہ اسمبلی انتخابات میں جبتک ٹکٹ نہیں دیتی وہ کچھ بھی کرنے کرانے پر اتاؤلا رہینگے ۔