خاتون کے اوپر سے گزر گئی ٹرین،ایسے بچائی جان

تاثیر  ۲۵   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

حیدرآباد، 26 اگست:سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں ٹرین ایک خاتون کے اوپر سے گزرتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ اس دوران خاتون کو ایک بھی خراش نہیں آئی، ویڈیو میں خاتون ریلوے ٹریک پر لیٹی ہوئی نظر آتی ہے اور مال ٹرین کے کئی ڈبے اس کے اوپر سے گزر رہے ہیں۔ یہ ویڈیو تلنگانہ کے وقارآباد ضلع کے نوندگی کے ایک سنگم کا ہے۔ معلومات کے مطابق خاتون اپنے دوست کے ساتھ پٹری عبور کر رہی تھی کہ اس کا پاؤں پھسل گیا اور وہ گر گئی۔ مال گاڑی کو آتے دیکھ کر خاتون جان بچانے کے لیے پٹری پر لیٹ گئی۔جب تک مال گاڑی اوپر سے گزرتی رہی، خاتون پٹری پر پھنسی رہی اور کوئی حرکت نہیں کی۔ تاہم جب خاتون نے سر اٹھانے کی کوشش کی تو ویڈیو بنانے والے شخص نے اسے ایسا نہ کرنے کو کہا۔ مرد کی نصیحت پر عمل کرتے ہوئے مال گاڑی کے جانے کے بعد ہی خاتون پٹری سے اٹھی۔ خاتون کا دوست بھی دور سے یہ واقعہ دیکھ رہا تھا اور ٹریک کے دوسری طرف اس کا انتظار کر رہا تھا۔ مال گاڑی گزرنے کے بعد خاتون اٹھی اور اپنے دوست سے ملی۔ اس حادثے میں خاتون کو معمولی چوٹ بھی نہیں آئی۔ اس سے پہلے بھی ایسے کئی معاملے سامنے آ چکے ہیں، جہاں لوگ ٹریک عبور کرتے ہوئے اکثر پھنس جاتے ہیں۔ گزشتہ سال بھی ایسا ہی ایک حادثہ پیش آیا تھا۔ پچھلے سال ایک خاتون اپنے دو بچوں سمیت پلیٹ فارم سے گر گئی۔ پلیٹ فارم پر گرنے کے بعد خاتون اپنے بچوں کے ساتھ بیٹھ گئی اور اسی دوران ایک ٹرین وہاں سے گزری۔ لیکن تینوں میں سے کسی ایک کو بھی خراش نہیں آئی۔