پٹنہ کالج شعبہ انگریزی کے زیر اہتمام ہوا لینگویج لرننگ لیکچر پروگرام کا انعقاد

تاثیر  ۲۱  ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

           پٹنہ ( تاثیر نیوز سروس ) شعبہ انگریزی پٹنہ کالج کے ہال میں ایک خصوصی لینگویج لرننگ لیکچر کا اہتمام کیا گیا جس میں اردو ایکشن کمیٹی کے رکن مجلس عاملہ خادم اردو حبیب مرشد خاں نے طلباء و طالبات کو اپنی مادری زبان کے ساتھ ساتھ دیگر ہندوستانی زبانوں کو بھی سیکھنے کی ترغیب دی ۔ اس سلسلے میں انہوں نے ہندستان میں اردو کی تاریخ و مقبولیت کا مختصر ذکر کرتے ہوئے ہندی سے اردو سیکھنے کیلئے اپنا کتابچہ اردو سیکھیں تقسیم کی اور اس سلسلے میں اردو سیکھنے کیلئے مختلف مواقع اور طریقے کو بتایا اور اردو ڈائریکٹریٹ کی طرف سے آن لائن اردو لرننگ کلاس  کے بارے میں بتایا، بہار اردو اکیڈمی کے اردو سرٹیفیکیٹ کورس کا بھی تعارف کرایا، ساتھ ہی گورنمنٹ اردو لائبریری میں جا کر کبھی کبھی بیٹھنے اور مختلف زبانوں کی کتابوں کے ساتھ ساتھ اردو کے اخبار اور رسائل کو بھی دیکھنے کے شوق کو آگے بڑھانے کیلئے کہا ۔ جناب حبیب مرشد نے اردو اور ہندی کے دیرینہ اور نزدیکی تعلقات کا بھی مختصر میں ذکر کیا، بچوں میں اردو سیکھنے کے شوق کو دیکھتے ہوۓ کہا کہ دوسرے کلاس اور دوسرے تعلیمی اداروں میں بھی اس طرح کا مختصر تعارفی لکچر ہوگا اور ہونا چاہئے ۔ اس موقع پر صدر شعبہ انگریزی پٹنہ یونیورسٹی ڈاکٹر نقی احمد جان، ڈاکٹر محفوظ الحمان، ششو پریدرشی، پیوش پانڈے، نیکھیل نیلبھ، سمیکچھا سنگھ، حیاء حسن وغیرہ موجود تھے ۔ اس مختصر پروگرام کا اہتمام شعبہ کے طلباء کے شوق کو دیکھتے ہوۓ کیا گیا ۔