باڑھ میں دیوان ابو سعید جعفر محمد رحمۃ اللّٰہ علیہ کا 334 واں عرس پاک 28 اکتوبر کو

تاثیر  ۲۱  ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

          باڑھ ( پریس رلیز ) محمد کمال احمد منعمی متولی حضرت دیوان سید جعفر محمد وقف اسٹیٹ باڑھ پٹنہ کی اطلاع کے مطابق 17 ویں صدی عیسوی کے عظیم المرتب صوفی اور جلیل القدر عالم ربانی شیخ الاسلام والمسلیمین قطب الاقطاب حضرت دیوان سید ابو سعید محمد جعفر بنود پوری رحمۃ اللّٰہ علیہ (م1111ھ) کا 334 واں سالانہ عرس مبارک حسب معمول انکے آستانہ عالیہ واقع حضرت دیوان سید جعفر محمد وقف اسٹیٹ میر محلہ باڑھ بازار چوک سے مشرق اے احمد روڈ وارڈ نمبر 17 ضلع پٹنہ میں زیر سر پرستی حضرت سید شاہ شمیم الدین احمد منعمی قبلہ سجادہ نشیں خانقاہ منعمیہ میتن گھاٹ پٹنہ سیٹی اور زیر صدارت حضرت سید شاہ سیف الدین فردوسی سجادہ نشیں خانقاه معظم بہار شریف مورخہ 24 ربیع الاول مطابق 28 اکتوبر کو منعقد ہوگا ۔ واضح ہو کہ حضرت دیوان ابو سعید جعفر محمد قدس سرہ کثیر التصانیف اور ذولسانین بزرگ گزرے ہیں، عربی و فارسی کے ساتھ ہندی میں آپ کی گراں قدر کاوشیں موجود ہیں، آپ مشہور زمانہ ولی کامل حضرت قطب العلم مخدوم شاہ محمد منعم پاکباز قدس سره (م 1185ھ) کے پیران پیر ہیں، حضرت مخدوم منعم پاک نے آپ سے بھی شرف تلمذ حاصل کیا ہے، آپ کا سلسلہ حضرت منعم پاک کے ذریعہ پورے عالم میں پھیلا ہوا ہے، آپ کے صاحبزادے اور جانشیں قطب الارشاد حضرت دیوان سید خلیل اللہ قدس سرہ کا عرس بھی اسی موقع پر منعقد ہوگا ۔ عرس مبارک کے موقع پر مورخہ 28 اکتوبر کو بعد نماز فجر قرآن خوانی ہوگی، بعد نماز عصر میلادالنبی صلی اللہُ علیہِ وآلہ وسلّم کا انعقاد ہوگا اور بعد نماز مغرب حضرت دیوان جعفر اور حضرت دیوان خلیل کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی و قل کے ساتھ دعا ہوگی، بعدہ تبرکات شریفہ کی زیارت پھر شربت و شیرنی تقسیم کے بعد حضرت کے مزار مبارک پر بھی گل پوشی و قل شریف کا اہتمام ہے اسکے بعد  بعد نماز عشاء مجلس سماع منعقد ہونا طے ہے لہذا اس مبارک موقع پر جملہ معتقدین و متوسلین سے شرکت کیلئے متولی حضرت دیوان سید جعفر محمد وقف اسٹیٹ باڑھ پٹنہ جناب محمد کمال احمد منعمی نے شرکت مودبانہ گزارش کی ہے ۔