تاثیر ۲۳ ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 23 ستمبر:بہار میں گنگا اور اس کی معاون ندیاں زور و شور طغیانی سے جاری ہیں۔ اب تک ریاست کے 12 اضلاع کے تقریباً 13 لاکھ لوگ سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں، جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں سیلاب کی وجہ سے 10 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔
بہار کے پٹنہ، مونگیر، لکھی سرائے، کھگڑیا، بیگوسرائے، بھاگلپور، ویشالی، پورنیہ، بکسر، روہتاس، بھوجپور اور ساسارام اضلاع سیلاب سے متاثر ہیں۔ مونگیر کے بعد اب بھاگلپور میں بھی ندی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے اموات کے معاملے سامنے آئے ہیں۔ بھاگلپور، بیگوسرائے، کھگڑیا، لکھی سرائے سمیت کئی اضلاع میں سیلابی پانی میں ڈوبنے سے اموات ہوئی ہیں۔ بھاگلپور کے ناتھ نگر میں حال ہی میں ڈوبنے والے تین افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، جب کہ کشتی کے حادثے میں ڈوبنے والے بچے کی لاش ابھی تک نہیں مل سکی ہے۔