وزیراعلیٰ نے گنگا ندی کے بڑھتے پانی کی سطح کا معائنہ کیا

تاثیر  ۲۱  ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

۔ سیلاب کے سبب کیلے کی فصل کو جو نقصان ہوا ہے اس کا بھی معاوضہ کسانوں کو دیا جائے :وزیر اعلیٰ

پٹنہ 21 ستمبر 2024 وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار نے سڑک کے راستے پٹنہ کے قرب و جوار گنگاندی کے بڑھتے ہوئے پانی کی سطح کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے جے پی گنگا پتھ کے دیگھا گھاٹ سے کنگن گھاٹ تک گنگا ندی کے بڑھتے ہوئے پانی کی سطح کا جائزہ لیا۔
وزیر اعلیٰ نے معائنہ کے دوران جے پی گنگا پتھ کے کنگن گھاٹ، گاندھی گھاٹ اور کرشنا گھاٹ پر رک کر گنگا ندی کے آس پاس کے علاقوں کی صورتحال کو دیکھا اورافسران سے تفصیلی جانکاری لی۔ اشوک راج پتھ کو جے پی گنگا پتھ سے جوڑنے والے کرشنا گھاٹ پر زیر تعمیر اپروچ روڈ کے بارے میں بھی وزیر اعلیٰ نے جانکاری لی اور تعمیر کو تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ گنگا ندی کے بڑھتے ہوئے پانی کی سطح کے معائنہ کے دوران وزیر اعلیٰ نے پٹنہ کے ڈی ایم کو ہدایت دی کہ گنگا ندی کے کنارے والے علاقوں میں پانی کی بڑھتے ہوئے پانی کی سطح کو ذہن میں رکھتے ہوئے پوری طرح چوکس رہیں اور تمام تیاریاں مکمل رکھیں۔ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیتے رہیں اور فوری طور پر ضروری کارروائی کریں۔
معائنہ کے دوران وزیر اعلیٰ گاندھی سیتو کے راستے حاجی پور پہنچے اور حاجی پور میںبنائے گئے سیلاب راحت کیمپ کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے سیلاب راحت کیمپ میں رہ رہے لوگوں سے بات چیت کی اور وہاں کے انتظامات کے بارے میں تفصیلی جانکاری حاصل کی۔ سیلاب ریلیف کیمپ میں وزیر اعلیٰ نے ویشالی ضلع کے ڈی ایم کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام ریلیف کیمپوں میں رہ رہے لوگوں کی سہولیات کا خیال رکھیں۔ صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں۔ معائنہ کے دوران وزیر اعلیٰ نے سیلاب کے سبب کیلے کی فصل کو ئے نقصان کو دیکھتے ہوئے افسران کو ہدایدت دی کہ کیلے کی فصل کو جو نقصان ہوا ہے اس کا مکمل معاوضہ کسانوں کو دیا جائے ۔انہوں نے کہ کا محکمہ زراعت اس کا سروے کرا کر مکمل کارروائی یقینی بنائے ۔
وزیراعلیٰ نے معائنہ کے دوران افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ آبی وسائل پوری طرح مستعد رہے اور مسلسل مانیٹرنگ کرتے رہیں۔ نشیبی علاقوں میں جہاں پانی میں اضافہ ہور ہا ہے ممکنہ حالات پر گہری نظر رکھیں،ڈی ایم مسلسل نگرانی کر تے رہیں ۔انہوں نے کہا کہ انجینئرز پوری طرح الرٹ رہیں اور اعلیٰ حکام جائے وقوعہ پر کیمپ کر تے رہیں۔آفات منیجمنٹ محکمہ مسلسل نگرانی کر تا رہے کہ مزیدکیا کیا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ سیلاب کی صورت میںمتاثرین کو ایس او پی کے مطابق مکمل امداد فراہم کی جائے۔ سرکاری خزانے پر پہلا حق آفات متاثرین کا ہے ۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پی) کے مطابق تمام اضلاع اور متعلقہ محکموں کو تفصیلی رہنما خطوط دیے گئے ہیں، جن پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کشتیوں کے چلانے، پولی تھین شیٹس، امدادی سامان کی دستیابی، ادویات، جانوروں کے چارے، فلڈ شیلٹر سائٹس، کمیونٹی کچن، خشک راشن کے پیکٹ/فوڈ پیکٹ، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی سینٹر وغیرہ کے حوالے سے مکمل انتظامات رکھیں تاکہ فوری طور پر لوگوں کو راحت پہنچائی جاسکے۔
معائنہ کے دوران اسمبلی اسپیکر جناب نند کشور یادو، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری مسٹر دیپک کمار، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری مسٹر انوپم کمار، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری مسٹر کمار روی، وزیر اعلیٰ کے اور ایس ڈی مسٹر گوپال سنگھ، پٹنہ کے ڈی ایم ڈاکٹر چندر شیکھر سنگھ،ویشالی کے ڈی ایم مسٹر یشپال مینا، پٹنہ کے ایس ایس پی مسٹر راجیو مشرا، ویشالی ضلع کے ایس پی مسٹر ہرکیشور رائے اور محکمہ آبی وسائل کے دیگر افسران اور انجینئر موجود تھے۔