یرغمالیوں کے قتل کی مذمت ، آسٹریلیا، فرانس، برطانیہ نے حماس سے بقیہ مغویوں کی رہائی کا مطالبہ کیا

تاثیر  ۲   ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

واشنگٹن، 02 ستمبر:اسرائیل سے فیصلہ کن جنگ میں مصروف حماس کی طرف سے اسرائیلی یرغمالیوں کے قتل پر سپر پاورز حیران ہیں۔ ہفتے کے روز چھ یرغمالیوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے آسٹریلیا، فرانس اور برطانیہ نے حماس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بقیہ مغویوں کو فوری رہا کرے۔ ہلاک ہونے والے تمام چھ یرغمالیوں کی لاشیں اتوار کو رفح میں ایک سرنگ سے ملی تھیں۔ آئی ڈی ایف کے ترجمان ریئر ایڈمرل ڈینیئل ہگاری کے مطابق چھ مغویوں کو حماس کے عسکریت پسندوں نے اسرائیلی فوجیوں کے سرنگ تک پہنچنے سے کچھ دیر قبل ہلاک کر دیا تھا۔
برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’غزہ میں چھ یرغمالیوں کی ہلاکت سے صدمے میں ہوں۔ میرے خیالات اس خوفناک وقت میں ان کے پیاروں کے ساتھ ہیں۔ حماس کو اب تمام یرغمالیوں کو رہا کرنا چاہیے اور تمام فریقوں کو فوری طور پر جنگ بندی کے معاہدے پر رضامندی کا اظہار کرنا چاہیے۔قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے ایکس ہینڈل پر یرغمالیوں کی ہلاکت پر سخت ردعمل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حماس کے رہنماؤں کو اس جرم کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ ہم باقی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے ایک معاہدے کے لیے چوبیس گھنٹے کام کرتے رہیں گے۔