گنپتی وسرجن اورعید میلاد النبی (ص) جلوس کے دوران تشدد کی جانچ کا مطالبہ، ابوعاصم اعظمی کی اقلیتی کمیشن سے ملاقات

تاثیر  ۲۱  ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ممبئی ، 21 ستمبر: سماج وادی پارٹی لیڈر ابوعاصم اعظمی نے اقلیتی کمیشن چیئرمین سے ملاقات کر کے مہاراشٹر میں گنپتی وسرجن اورعید میلاد النبی(ص) جلوس کے دوران ہوئے تشدد کے واقعات کی تحقیق کا مطالبہ کیا۔ ذرائع کے مطابق انھوں نے واضح کیا کہ مہاراشٹر میں گنپتی وسرجن اور عیدمیلادالنبی کے جلوس میں تشدد کے بعد ریاست کے حالات کشیدہ ہیں۔ فرقہ پرستوں کے مسجد کے باہر ڈھول تاشے بجانے پر اکثر مقامات پر تشدد برپا ہوا ہے۔ بھیونڈی، آکولہ، آکوٹ، نندوربار میں فرقہ وارانہ تشدد پھوٹ پڑا۔ اس میں بیشتر واقعات شرپسندوں کی شرانگیزی اور مسلمانوں کو ورغلانے اور شرانگیزی کے سبب وقوع پذیر ہوئے ہیں۔ ابوعاصم اعظمی نے کہا کہ ان فرقہ پرستوں پر کارروائی ضروری ہے جو مہاراشٹر کاماحول خراب کرتے ہیں۔