تاثیر ۱۴ ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
حیدر آباد, 14 ستمبر:منحرف اسمبلی اریکا پوڈی گاندھی کے حامیوں کی جانب سے بی آر ایس ایم ایل اے پی کوشک ریڈی کے مکان پر مبینہ حملہ کے بعد جاری کشیدگی کے درمیان تلنگانہ کے وزیراعلی اے ریونت ریڈی نے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس(ڈی جی پی)جتندرکو ہدایت دی کہ وہ ریاست میں نظم و ضبط کے مسائل پیدا کرنے والوں سے سختی کے ساتھ نمٹیں۔
وزیراعلی نے واضح کہا کہ سیاسی سازشوں کو برداشت نہیں کیاجائے گا۔ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن بی آر ایس‘ حیدر آباد برانڈ امیج کو مسخ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ وزیراعلی نے ڈی جی پی سے کہا کہ وہ گڑبڑ کرنے کی کوشش کرنے والوں سے سختی کے ساتھ نمٹیں۔ اس سلسلہ میں کسی عہدہ یا شخصیت کو خاطر میں نہیں لانا چاہیے۔ وزیراعلی کی ہدایت کے بعد ڈی جی پی نے حیدر آباد، سائبر آباد اوررچہ کنڈہ پولیس کمشنرس پر زور دیاہے کہ وہ لا اینڈ آرڈر کو بگاڑنے کی کوشش کو ناکام بنادیں اور اس کوشش یں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کریں۔