تاثیر ۳ ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) روہتاس ضلع ہیڈکوارٹر سہسرام میں واقع نیو اسٹیڈیم فضل گنج میں آج ضلع سطح کے اسکولی کھیلوں کے مقابلے شروع ہوئے، پروگرام کا افتتاح ڈی ایم نوین کمار نے شمع افروزی کر کیا اسکے بعد مختلف ٹیموں کے طلباء نے مارچ پاسٹ کیا ۔ بچوں کی جانب سے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا گیا ۔ موقع پر جانکاری دیتے ہوئے ڈی ایم نوین کمار نے کہا کہ ریاستی حکومت اور محکمہ تعلیم کی ہدایات پر بڑے پیمانے پر ضلعی سطح کے اسکولی کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔ اس مقابلے میں 300 اسکولوں کے 5700 بچے حصہ لے رہے ہیں اور 18 مختلف مقابلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے، ان مقابلوں کے جیتنے والے بچے ریاستی سطح کے اسکولی کھیلوں کے مقابلے میں ضلع کی نمائندگی کرینگے ۔ مقابلہ تین عمر کے گروپوں میں منعقد کیا جا رہا ہے، انڈر 14، انڈر 17 اور انڈر 19 کے الگ الگ مقابلے منعقد کئے جا رہے ہیں، مقابلے میں سرکاری اور پرائیویٹ اسکولوں کے طلباء حصہ لے رہے ہیں ۔ یہ مقابلہ تین روز تک جاری رہیگا جسکا مورخہ 5 ستمبر کو اختتام ہوگا ۔ افتتاح کے موقع پر ڈی ڈی سی وجئے کمار پانڈے، سول سرجن ڈاکٹر منی راج رنجن، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر، ڈی پی آر او انچارج پون پرنئے اور دیگر افسران موجود تھے ۔