سی بی آئی نے آر جی کر متوفی کا پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹر کو دوبارہ بلایا

تاثیر  ۲۴  ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 24 ستمبر: آر جی کرمعاملے کی تحقیقات کے سلسلے میں منگل کو سی بی آئی نے پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹر اپوروا بسواس کو دوبارہ سی جی او کمپلیکس میں واقع اپنے دفتر میں بلایا۔ اس معاملے میں آر جی کر کے سابق سپرنٹنڈنٹ سنجے بشسٹھ بھی سی بی آئی کے دفتر میں پیش ہوئے۔
ڈاکٹر اپوروا بسواس وہ ڈاکٹر ہیں جنہوں نے متاثرہ کا پوسٹ مارٹم کیا ہے، جس کی موت کے بعد یہ معاملہ زیر بحث آیا۔ منگل کو وہ دوپہر میں سی جی او کمپلیکس میں سی بی آئی کے دفتر پہنچے اور تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک وہاں رہے۔ تاہم انہیں کس وجہ سے بلایا گیا تھا ،یہ واضح نہیں ہو سکا۔ دفتر سے نکلنے کے بعد ڈاکٹر نے کوئی بیان دینے سے انکار کر دیا۔
اس سے پہلے بھی ڈاکٹر اپوروا کو سی بی آئی نے دو بار طلب کیا تھا۔ سی جی او کمپلیکس سے نکلتے ہوئے انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ ان پر متوفی کا پوسٹ مارٹم جلد کرنے کے لیے دباو ڈالا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ خود کو متوفی ڈاکٹر کا ’کاکا‘ کہنے والے شخص نے انہیں دھمکی دی تھی۔