تاثیر ۲۴ ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 24 ستمبر:۔ میسور اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (مڈا) سائٹ الاٹمنٹ گھوٹالہ معاملے میں قانونی چارہ جوئی کے لیے گورنر کی منظوری کو چیلنج کرنے والی کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدھارامیا کی عرضی کو کرناٹک ہائی کورٹ کے ذریعہ مسترد کیے جانے کے بعد مرکزی وزیر پرہلاد جوشی نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیاپلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جوشی نے وزیر اعلیٰ سدھارامیا کے استعفیٰ کے ساتھ ساتھ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) سے مدرا گھوٹالہ معاملے کی جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔
مرکزی وزیر جوشی نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں کہا، ’’یہ کانگریس حکومت اور وزیر اعلیٰ سدھارامیا پر ایک بڑا طمانچہ ہے۔ کرناٹک ہائی کورٹ نے اٹھائے گئے تمام سوالات کا جواب دیا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدھارامیا کو استعفیٰ دینا چاہیے اور سی بی آئی کے ذریعہ غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جانی چاہیے۔‘‘انہوں نے یہ بھی کہا ’’ کرناٹک حکومت کو گرانے کی بی جے پی کی کوئی خواہش نہیں ہے ۔‘‘