تاثیر ۱۹ ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 19 ستمبر:ہیرو ایشین چیمپئنز ٹرافی 2024 کا ٹائٹل جیتنے کے بعد ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم آج صبح دہلی پہنچی، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ چین کے ہولن بئیر میں موکی ہاکی ٹریننگ بیس میں منعقدہ اس ٹورنامنٹ میں ہندوستان نے مقابلے کی تاریخ میں اپنا ریکارڈ پانچواں خطاب جیتا۔ٹیم کا اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچنے پر شائقین اور ہاکی انڈیا کے عہدیداروں نے پرجوش استقبال کیا۔دہلی پہنچنے پر ہرمن پریت نے کہا، ”یہ ٹائٹل ہمارے لیے بہت خاص ہے… یہ ہمارے لیے بہت اہم ٹورنامنٹ تھا… خاص طور پر جب ہمارے پاس اس ٹورنامنٹ کی تیاری کے لیے زیادہ وقت نہیں تھا۔”ٹیم کے ہیڈ کوچ کریگ فلٹن نے کہا، ”میرے خیال میں یہ شاندار ہے، ایشیا میں نمبر ایک ہونا ہمیشہ سے ہمارا ہدف رہا ہے… یہ ایک اچھا ٹورنامنٹ تھا…” بھارت نے منگل کو میزبان چین کو 0-1 سے شکست دے کر مردوں کا ایشیائی چیمپئن جیت لیا۔ ہندوستان نے ‘ فلٹن بال’ کا جادو جاری رکھا جب اس نے ایشین چیمپئنز ٹرافی ناقابل شکست رہ کر ختم کی۔ ہندوستان اس سے قبل 2011، 2016، 2018 اور 2023 میں خطاب جیت چکا ہے۔