تاثیر ۴ ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
ممبئی،04ستمبر:ممبئی میں چکن گنیا کے کیسز میں گزشتہ برس کی بنسبت چھ گنا اضافہ ہوگیا ہے۔ بی ایم سی کے ریکارڈ کے مطابق گزشتہ اگست میں چکن گنیا کے 164 امریض سامنے آئے اسی طرح ڈینگو، ملیریا اور لیپٹو سپائروس کے بھی کیس دیکھنے کو ملے۔ یہی سبب ہے کہ بلدیہ نے گھروں کے آس پاس جمع پانی اور کچرا صاف کرنے کی اپیل کی ہے۔ شہر میں موسم باراں کی وجہ سے چکن گنیا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ ریکارڈ کے مطابق اگست میں شہر میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی ہے جس کے سبب ڈاکٹروں کے یہاں چکن گنیا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
چکن گنیا وائرل انفیکشن ہے اور مچھر کے کاٹنے سے پھیلتا ہے اور جوڑوں کے شدید درد اور بخار اور دانے جیسی دیگر علامات ہونے کے سبب لوگ کلینک میں آتے ہیں۔ بلدیہ نے کہا ہے کہ اس بارش میں چکن گنیا کے چھ گنا زیادہ کیس دیکھنے کو ملے۔ شہر میں صرف اگست ماہ میں 164 کیس سامنے آئے جب کہ رواں برس جولائی میں 25 کیس تھے وہیں گزشتہ برس کا ریکارڈ دیکھیں تو پتہ چلتا ہے کہ صرف 35 مریضوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔