تاثیر ۲۰ ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
تہران،20ستمبر:ایرانی پاسداران انقلاب کور نے جمعرات کے روز اسرائیل کو انتباہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے مزاحمتی محاذ سے تباہ کن جواب کا سامنا کرنا ہوگا۔پاسداران کے کمانڈر حسین سلامی نے یہ دھمکی لبنان میں اسرائیل کے پیجر اور واکی ٹاکی حملوں کے بعد جاری کیے گئے بیان میں دی ہے۔یاد رہے منگل اور بدھ کے روز سے اسرائیل نے لبنان میں تو غیر معمولی اور انتہائی اشتعال انگیزی پر مبنی کارروائیاں کی ہیں جن میں ہزاروں لبنانی زخمی اور اب تک لگ بھگ تین درجن ہلاک ہو گئے ہیں۔یہ حملے اسرائیلی خفیہ اداروں نے مبینہ طور پر پیجر بنانے والی کمپنی اور واکی ٹاکی بنانے والی ٹیلی کام کمپنیوں سے مل کر کیے ہیں تاکہ حزب اللہ کی کمر توڑ سکیں اور لبنانیوں کو بتا سکیں کہ اسرائیل کی دسترس سے ان میں سے کوئی بھی دور اور محفوظ نہیں ہے۔ان حملوں کے جواب میں حزب اللہ کے سربراہ نے پھر ایک جوابی تقریر کی ہے اور ایران کی طرف سے اپنا رد عمل ظاہر کرنے کے لیے یہ دوسرا اہم بیان ہے۔ اسرائیل کے ان حملوں میں لبنان میں تعینات سفیر بھی زخمی ہوا ہے۔