تاثیر ۲۰ ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
تل ابیب،20ستمبر:اسرائیلی فوج نے لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر نئے حملوں کا اعلان کیا۔ اْدھر لبنان کی طرف سے گولہ باری کے بعد شمالی اسرائیل میں سائرن بجنے لگے۔ اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ اس وقت لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملہ کر رہی ہے جس کا مقصد حزب اللہ کی دہشت گردانہ صلاحیتوں کو کم کرنا اور اس کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچانا ہے۔ فوج نے کہا کہ حالیہ کارروائیاں شمالی اسرائیل سے بے گھر ہونے والے افراد کی ان کے گھروں کو واپسی کی کوششوں کے دائرے میں کی جارہی ہیں۔
اسرائیلی فوج نے بعد میں بتایا کہ اس نے جمعرات کو حزب اللہ کے تقریباً 30 میزائل پلیٹ فارمز کو نشانہ بنایا ہے۔ حزب اللہ کے مواصلاتی نظام پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان کشیدگی غیر معمولی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ اسرائیلی فوج نے جمعرات کو اعلان کیا کہ وہ لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملہ کر رہی ہے۔ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی چیف آف سٹاف ہرزی ہیلیوی نے شمالی علاقے سے متعلق منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔ جمعرات کو اسرائیل نے جنوبی لبنان میں کئی مقامات پر پے در پے حملے کیے۔ حزب اللہ نے اسرائیل کے علاقے مغربی الجلیل میں میزائل داغ کر جواب دیا۔

