تاثیر ۱۸ ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
پولیس سے تفتیش کر معاملے کا انکشاف کرنے کا مطالبہ
چھپرہ (نقیب احمد)
جلوس محمدی کے دوران چھیڑ چھاڑ کئے گئے ترنگے پرچم کو لہرانے کا واقعہ بی جے پی کی سوچی سمجھی سازش ہے۔مذکورہ باتیں سی پی ایم کے ریاستی لیڈر احمد علی نے کہیں۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں جس لڑکے کو پولیس نے گرفتار کیا ہے۔وہ بی جے پی کا کارکن ہے۔بی جے پی ایم پی جناردن سنگھ سگریوال کے ساتھ اس کی تصویر اور ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔وہیں اس کی ماں روزی خاتون بی جے پی خواتین سیل کی سرگرم کارکن ہے۔اس کی تصویر سوشل میڈیا پر موجود ہے۔مسٹر علی نے کہا کہ ان تصاویر کے سامنے آنے سے یہ بات عیاں ہو گئ ہے کہ ترنگے کی توحین کا پورا معاملہ سازش کے تحت بنایا گیا ہے۔ایسا مسلمانوں کو بدنام کرنے اور ماحول خراب کرنے کی نیت سے کیا گیا ہے۔انہوں نے سارن ایس پی کمار آشیش کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے فوری کارروائی اور مذکورہ نوجوانوں کو حراست میں لینے کے سبب ماحول میں خلفشار نہیں ہو سکا۔وہیں شرپسند عناصر کے منصوبے ناکام ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ چونکہ یہ واضح ہے کہ یہ ایک سازش تھی۔لہازا پولیس اس معاملے کی گہرائی سے تفتیش کرے اور جلد سے جلد اس کا انکشاف کرے۔انہوں نے کہا کہ حراست میں لئے گئے نوجوان کا یہ بیان دینا کہ کوئی انہیں مذکورہ جھنڈا تھما گیا جسے وہ لہرانے لگا۔گمراہ کن بات محسوس ہو رہی ہے۔کیونکہ ان کی عمر ایسی نہیں کہ کوئی انہیں تھما دے اور انہیں پتہ نہ چلے کہ کس نے کیا دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلمان سچے محب وطن ہیں۔رسول اکرم کی پیدائش ان کے لیے نہایت ہی مقدس موقع ہے۔وہ قطعی ایسی کوئی حرکت نہیں کریں گے۔مسٹر علی نے کہا کہ مسلمانوں کا ایمان حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی اس فرمان پر پتھر کی مانند پختہ ہے کہ جس ملک میں رہو اسے مادر وطن سمجھو اور اس کی حفاظت تم پر فرض ہے۔۔سچا مسلمان ملک کی سالمیت کی خاطر اپنی جان تک کی قربانی دینے کو تیار رہتا ہے۔