تاثیر ۱۹ ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) روہتاس کے ضلع کلکٹر اڈیتا سنگھ نے کہا ہے کہ انسان کو ہمیشہ علم کی پیاس رکھنی چاہئے اور زندگی بھر کچھ نہ کچھ سیکھنے کی عادت پیدا کرنی چاہئے، آج گوپال نارائن سنگھ یونیورسٹی میں منعقدہ دو روزہ اسٹارٹ اپ ورکشاپ کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہار میں اسٹارٹ اپس کیلئے بہت زیادہ امکانات ہیں، جس چیز کی ضرورت ہے وہ ایک درست سمت کی ہے اور اس میدان میں اپنے ہونہار طلباء کو داخل کرنے کی، انہوں نے آئی آئی ٹی منڈی کے اسکالر کیٹلسٹس کے ذریعہ گوپال نارائن سنگھ یونیورسٹی کے ذریعہ منعقدہ اس پروگرام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بہت ہی قابل ستائش قدم ہے، یہاں اسٹارٹ اپ پروجیکٹ کے لئے کیا جانے والا کام یقینی طور پر بہار کے نوجوانوں کو صحیح سمت فراہم کریگا اور ریاست کے ساتھ ساتھ ملک کی شان بھی بلند کریگا ۔ اس موقع پر منعقدہ پروگرام سے انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس کے افسر اور ڈہری کے سب ڈویژنل افسر سوریہ پرتاپ سنگھ، یونیورسٹی کے چانسلر گوپال نارائن سنگھ، سکریٹری گووند نارائن سنگھ اور ہماچل پردیش آئی آئی ٹی منڈی کے جنرل منیجر انیل کمار سنگھ نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر محترمہ ادیتا سنگھ نے بہار کے مختلف علاقوں سے آنے والے اسٹارٹ اپس سے وابستہ لوگوں کو مالی مدد بھی فراہم کی ۔ پروگرام کی نظامت ابھیشیک سریواستو نے کی جبکہ شکریہ کا جملہ منیجنگ ڈائریکٹر تروکرم نارائن سنگھ نے پیش کیا ۔ اس موقع پر وائس چانسلر مہندر کمار سنگھ، وائس چانسلر پروفیسر جگدیش سنگھ، یونیورسٹی بورڈ ممبر مسز مونیکا سنگھ وغیرہ موجود تھے ۔ پروگرام میں یونیورسٹی کے تمام فیکلٹیز کے سربراہان، اساتذہ اور طلباء نے شرکت کی ۔ اس موقع پر اسٹارٹ اپ اسٹال کا معائنہ کرتے ہوئے ضلع کلکٹر محترمہ ادیتا سنگھ نے اسکی بہت تعریف بھی کی ۔ ضلع انڈسٹریز سینٹر کے منیجر آشیش رنجن نے اسٹارٹ اپ اسٹال لگانے اور پروگرام کو کامیاب بنانے میں انکا اہم رول رہا ۔

