تاثیر ۱۲ ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
جموں، 12 ستمبر:نیشنل کانفرنس کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ڈوڈہ اسمبلی حلقہ سے این سی کے امیدوار خالد نجیب سہروردی کی حمایت میں کاہراہ گندو میں عوامی جلسے سے خطاب کیا۔ اس موقع پر اْن کے ہمراہ رکن پارلیمنٹ اور گجروں کے معروف لیڈر میاں الطاف احمد بھی موجود تھے۔ کاہراہ میں گجر برادری کی کافی تعداد ہے اور الطاف احمد کو ڈوڈہ میں لانے کا مقصد گجر برادری کے لوگوں کو این سی کہ طرف متوجہ کرنا تھا۔
عمر عبداللہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ نیشنل کانفرنس نے اپنے انتخابی منشور میں وعدہ کیا ہے کہ وہ مقامی نوجوانوں کو کسی بھی پروجیکٹ میں ترجیح دیں گے۔ خطہ چناب میں بجلی پروجیکٹس میں صرف مقامی بے روزگار نوجوانوں کو روزگار دیا جائے گا۔ جنگلاتی ایکٹ کے تحت گجر برادری کو زمینوں کے حقوق فراہم کیے جائیں گے۔ ڈوڈہ کی تین اسمبلی سیٹوں پر 18 ستمبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔