پیوش گوئل 21ویں آسیان-ہندوستان کے اقتصادی وزراء کی میٹنگ میں شرکت کریں گے

تاثیر  ۲۰  ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 20 ستمبر: مرکزی کامرس اور صنعت کے وزیر پیوش گوئل 21 ویں آسیان-انڈیا اقتصادی وزراء (اے ای ایم -انڈیا) اور 12ویں مشرقی ایشیا سمٹ اقتصادی وزراء کی میٹنگ (ای اے ایس ای ایم ایم ) میں شرکت کریں گے۔
وزیر تجارت ان دونوں اجلاسوں میں شرکت کے لیے 20-21 ستمبر 2024 کو لاؤ پیپلز ڈیموکریٹک ریپبلک (لاؤس) کے شہر وینتیانے جائیں گے۔ تجارت اور صنعت کی وزارت نے جمعہ کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ اے ای ایم-انڈیا میٹنگ میں وزراء آسیان-انڈیا گڈس ٹریڈ ایگریمنٹ (AITIGA) کا جائزہ لینے کے لیے بات چیت میں پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔ اس دوران پیوش گوئل دو ادارہ جاتی میٹنگوں کے دوران شریک ممالک کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ کئی دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے ۔اس کے علاوہ وزیر تجارت میزبان ملک لاؤ پی ڈی آر کے وزراء اور دورہ کرنے والے کوریا، ملائیشیا، سوئٹزرلینڈ اور میانمار کے وزراء سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
گوئل آسیان کے سکریٹری جنرل اور ای آر آئی اے کے صدر سے بھی ملاقات کریں گے، جو ایشیا اور بحرالکاہل کے لیے ایک معروف تحقیقی ادارہ ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، وزیر تجارت لاؤ پی ڈی آر میں ہندوستانی باشندوں کے ساتھ بھی بات چیت کریں گے اور ہندوستان کے ساتھ ساتھ آسیان کے ایک صنعتی وفد سے بھی ملاقات کریں گے۔