تاثیر ۷ ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
کولکاتہ7ستمبر:آل انڈیامسلم پرسنل لابورڈکی طرف سے تحفظ اوقاف کے لیے ملک گیرمہم جاری ہے۔مختلف ریاستوںمیں بیداری مہم چلائی جارہی ہے،اس کڑی کی اہم اورتاریخ ساز کانفرنس کولکاتہ میں منعقدہونے جارہی ہے۔ آل انڈیامسلم پرسنل لابورڈکے ز یراہتمام اس موضوع پراہم اورتاریخ ساز کانفرنس کاانعقادکولکاتہ میں10ستمبرکوہونے جارہا ہے۔یہ کانفرنس مائرہ ہال،پرساداسکوائر،(نزدجوڑاگرجاگھر)میں دس ستمبرکو،صبح نوبجے سے دوپہردوبجے تک منعقدہوگی۔یہ وہی جگہ ہے جہاں آل انڈیامسلم پرسنل لابورڈکاپچیسواں اجلاس زیرصدارت حضرت مولانارابع حسنی ندوی علیہ الرحمہ، منعقدہوچکاہے۔ مجلس استقبالیہ مہمانوں کی آمداوران کو ہرطرح کی سہولت فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔کانفرنس کے کنوینرجناب مولانا محمدابوطالب رحمانی،رکن آل انڈیامسلم پرسنل لابورڈوچیئرمین مولاناابوالکلام آزادسنٹر،پٹنہ مسلسل شہرکے معززین کے ساتھ میٹنگ کررہے ہیں،نیزمسلم پرسنل لا بورڈکی ہدایت کے مطابق مختلف جگہوں پرنوجوانوں کی ٹیم تعینات کرکے بورڈکی طرف سے جاری کیوآرکوڈپررائے بھیجنے کی مہم بھی چلارہے ہیں ۔کانفرنس میں شرکت کے لیے مدعووین کودعوت نامے ارسال کرکے ان سے مستقل رابطہ کیاجارہاہے۔اس اہم کانفرنس میں ملک بھرسے سرکردہ شخصیات کی شرکت ہوگی ۔اجلاس کی صدارت صدرآل انڈیامسلم پرسنل لا بورڈحضرت مولاناخالدسیف اللہ رحمانی فرمائیں گے اورمہمانان خصوصی کے طورپرجنرل سکریٹری آل انڈیامسلم پرسنل لا بورڈ حضرت مولاناشاہ فضل الرحیم مجددی،جناب ڈاکٹر احمد اشفاق کریم رکن مسلم پرسنل لابورڈ،چیئرمین الکریم یونی ورسٹی بہاروٹرسٹی ورکن شوریٰ امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ،بنگال کی ملحقہ ریاستوں خاص طورپربہار،جھارکھنڈ،اڑیشہ سے مسلم پرسنل لابورڈکے متعدداراکین کی بھی شرکت ہوگی نیزدیگرسماجی شخصیات بھی شریک ہوں گی جن میں جناب ڈاکٹر ظفر محمود ، چیئرمین زکوۃ فاؤنڈیشن ،دہلی ،جناب ڈاکٹرخالدانورایم ایل سی بہار،جو حضرت مولانامحمدولی رحمانی رحمۃ اللہ علیہ کے وقف ترمیمی ایکٹ 2013 کی مہم میں شریک اور سہیم رہے ہیں نیزجناب مولانا ظفر عبدالرؤف رحمانی ،چیئرمین زہرہ فاؤنڈیشن سلی گوڑی (مغربی بنگال)،ٹرسٹی ورکن شوریٰ امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ کے علاوہ متعددسرکردہ شخصیات کی بھی آمد ہوگی ،ان شاء اللہ۔
کانفرنس کی تیاری کے لیے شہرکے معززین،دانشوران اورعلما کی خصوصی نشست منعقدہوئی جس میں شرکانے پورے جوش وجذبہ کے ساتھ کانفرنس کوکامیاب بنانے کا عزم کیا،خصوصی نشست میںکنوینرکانفرنس جناب مولانامحمدابوطالب رحمانی کے علاوہ جناب قاری شمس الدین احمد،جناب محمدقمرالزماں،جناب حاجی محمودعالم،جناب حاجی قمرالدین ملک،جناب مولانامعروف سلفی ،جناب مولاناابوطلحہ جمال،جناب عرفان شیر،جناب حاجی شیخ حیدرعلی،ڈاکٹرنعیم غزالہ،جناب محمداسحاق ملک ،جناب رافع محمودصدیقی سمیت شہرکی متعددسرکردہ شخصیات شریک رہیں۔
مسلم پرسنل لا بورڈنے مغربی بنگال میں تحریک اورعوامی بیداری کی مہم چلانے کی ذمہ داری جناب مولانامحمدابوطالب رحمانی کودی ہے ،وہ اس سلسلے میں مسلسل نشستیں کررہے ہیں،کل بعدنمازجمعہ مساجدمیں کیوآرکوڈکے ذریعہ رائے بھیجنے کی مہم بھی چلائی گئی،اب ایک تاریخ سازکانفرنس کی تیاری پورے زوروشورسے جاری ہے۔ مولانارحمانی نے ائمہ مساجد،علما،دانشوران ،سرکردہ سماجی ودینی شخصیات سے اپیل کی ہے کہ وہ عوام وخواص کی بڑی تعدادکے ساتھ اس تاریخ ساز کانفرنس کاحصہ بنیں اورمسلم پرسنل لابورڈکی جاری مہم کوکامیاب بنائیں۔یہ ہم سب کی ملی ذمہ داری ہے کہ پوری اجتماعیت اورطاقت کے ساتھ وقف کے تحفظ کے لیے کوشاں ہوں اور بورڈ کی آوازپرلبیک کہتے ہوئے شریعت اوردستورکی حفاظت کے لیے منظم ہوجائیں۔