تاثیر ۴ ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ: یکم ستمبر کو باپو سبھاگار میں منعقد “جن سوراج لیڈرشپ کانفرنس” میں بہار کے 38 اضلاع اور ملک کی دیگر ریاستوں سے شرکت کرنے والے مسلمانوں کا آج پارٹی کی جانب سے جن سوراج کے بانی اراکین اشفاق رحمن اور اویس امبر نے دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے کہا کہ گزشتہ دو تین دہائیوں میں یہ پہلا موقع ہے جب مسلمانوں کی اتنی بڑی کامیاب کانفرنس کا انعقاد ہوا، جس میں بہار کے کونے کونے سے مسلمان اپنی سیاسی شمولیت کے لئے جوش و خروش کے ساتھ شریک ہوئے۔ یہ جن سوراج اور پرشانت کشور کے تئیں مسلمانوں کے بے حد اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔ پرشانت کشور مسلمانوں کو سیاست میں حصہ لینے کی دعوت دے رہے ہیں اور جن سوراج میں شامل ہونے کی اپیل کر رہے ہیں۔ جس ایمانداری کے ساتھ پرشانت مسلمانوں کو بلا رہے ہیں، اتنی ہی شدت سے مسلمان ان کی پکار پر لبیک کہہ رہے ہیں۔ ہم مسلمانوں کے اس جذبے اور بیداری کا تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ جن سوراج کے بانی رکن اور روز مائن ایجوکیشنل اینڈ چیریٹیبل ٹرسٹ کے چیئرمین اویس امبر نے اپنے دفتر میں ایک اہم پریس کانفرنس کا انعقاد کیا۔ اس پریس کانفرنس میں اشفاق رحمن خصوصی طور پر شامل ہوئے۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ “جن سوراج لیڈرشپ کانفرنس” اس بات کا مظہر ہے کہ بہار میں تبدیلی کی ایک بڑی لہر چل رہی ہے اور مسلمان اب تبدیلی کی سمت میں آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ پرشانت کشور اس تبدیلی کے مرکزی چہرہ ہیں، جس سے تمام سیاسی جماعتوں میں بےچینی ہے۔ پرشانت کشور پیدل سفر کر کے بہار کے دیہی اور شہری علاقوں میں جاکر لوگوں کے مسائل کو سمجھنے کا کام کر رہے ہیں۔ ان کی آواز بننا اور انہیں سیاست کی مرکزی دھارے میں شامل کرنا ہی جن سوراج کا مقصد ہے۔ اشفاق رحمن اور اویس امبر نے مزید کہا کہ جن سوراج ایک ایسی تحریک ہے جو لوگوں کی اصل آواز کو سامنے لانا چاہتی ہے، تاکہ ہر طبقے کو انصاف اور مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ لیڈر شپ کانفرنس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے حصہ لیا، جس نے ظاہر کیا کہ بہار کے لوگ تبدیلی کی تلاش میں ہیں اور وہ اپنے حقوق کے لئے کھڑے ہونے کے لئے تیار ہیں۔ پرشانت کشور کی قیادت میں جن سوراج ایک مضبوط پلیٹ فارم بن گیا ہے جو نوجوانوں، خواتین، اور تمام اقلیتوں کو اپنے مسائل کے حل کے لئے ایک نئی امید دیتا ہے۔ یہ تحریک سیاست کی اصلاح اور دیانتداری کی بحالی کے لئے کوشاں ہے، تاکہ بہار کا مستقبل روشن اور مستحکم ہو۔دونوں رہنماؤں نے کہا کہ کانفرنس میں کہا کہ یہ بہار کے تمام لوگوں کے لئے صحیح وقت ہے کہ وہ پرشانت کشور کے صحیح وژن کے حق میں کھڑے ہوں تاکہ بہار کو ایک خوبصورت، تعلیم یافتہ، اور وژنری ریاست بنایا جا سکے