تاثیر ۳۰ ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
کانپور، 30 ستمبر: کانپور کے گرین پارک اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن آخری سیشن میں ہندوستانی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز 9 وکٹوں پر 285 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی۔ بنگلہ دیش نے پہلی اننگز میں 233 رنز بنائے تھے۔ اس کے مطابق ہندوستانی ٹیم نے 52 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں تیز شروعات کی۔ کپتان روہت شرما نے یشسوی جیسوال کے ساتھ مل کر پہلے تین اوورز میں ہی 50 رنز کا ہندسہ عبور کیا۔ ہندوستانی ٹیم کی پہلی وکٹ چوتھے اوور میں 55 کے اسکور پر گری۔ کپتان روہت 11 گیندوں میں ایک چوکے اور تین چھکوں کی مدد سے 23 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد یشسوی جیسوال نے بھی تیز بلے بازی کرتے ہوئے 31 گیندوں میں نصف سنچری بنائی۔ یشسوی 51 گیندوں میں 72 رنز کی تیز اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت چوتھے نمبر پر بلے بازی کرنے آئے۔ انہوں نے شبمن گل کے ساتھ اننگز کی قیادت کی۔ ہندوستانی ٹیم کو تیسرا جھٹکا 141 کے اسکور پر لگا۔ شبمن 36 گیندوں میں چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 39 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد چوتھی وکٹ 159 کے اسکور پر گری۔ رشبھ کچھ بھی کمال نہیں کر سکے اور نو رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ یہاں سے ویراٹ کوہلی اور کے ایل راہل نے نصف سنچری شراکت داری کرکے اننگز کو آگے بڑھایا۔ بھارت کی پانچویں وکٹ 246 کے اسکور پر ویراٹ کوہلی کی صورت میں گری۔ کوہلی 35 گیندوں میں 47 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کوہلی کے بعد ہندوستانی ٹیم نے مزید چند اوورز کی بیٹنگ کی اور 9 وکٹوں پر 285 رنز بنانے کے بعد اننگز ڈکلیئر کردی۔ رویندرا جڈیجا نے 8، روی چندرن اشون نے ایک رن، کے ایل راہول نے 43 گیندوں میں سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 68 رنز اور آکاش دیپ نے 5 گیندوں میں 12 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن معراج اور شکیب الحسن نے چار چار جبکہ حسن محمود نے ایک وکٹ حاصل کی۔