دو سو دس بستروں والا سپر اسپیشلٹی اسپتال کا مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا آج کریں گے افتتاح

تاثیر  ۶  ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

 دربھنگہ(فضا امام) 7 ستمبر:- مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا آج شمالی بہار کے سب سے بڑے اسپتال ڈی ایم سی ایچ میں تقریباً 150 کروڑ روپے کی لاگت سے بنائے گئے سپر اسپیشلٹی اسپتال کا افتتاح کرنے والے ہیں۔ جس کی تیاریاں تقریباً مکمل ہو چکی تھیں۔ سپر اسپیشلٹی اسپتال کے کھلنے سے دربھنگہ اور آس پاس کے اضلاع کے لوگوں کو کافی فائدہ ملے گا۔ سنگین لاعلاج مریضوں کو پٹنہ نہیں جانا پڑے گا۔دراصل، 210 بستروں کے اس سپر اسپیشلٹی اسپتال میں کل آٹھ شعبے ہیں جن میں نیورولوجی، گیسٹرولوجی، بانجھ پن، پیڈیاٹرک سرجری، نیفرالوجی، برن پلاسٹک سرجری، نیورولوجی سرجری اور کارڈیالوجی شامل ہیں۔ جن میں سے سات شعبوں میں او پی ڈی سروس شروع کر دی گئی ہے اور ڈاکٹرز تعینات کر دیے گئے ہیں۔ یہاں پر گیسٹرولوجی کا شعبہ کھلنے سے لوگوں کو علاج کے جدید طریقوں کا فائدہ ملے گا۔ اس کے علاوہ گردے، دماغ، اعصاب، نظام ہضم، دل، جلن وغیرہ کے مریض بھی مستفید ہوں گے۔آپ کو بتاتے چلیں کہ سپر اسپیشلٹی ہسپتال کی تعمیر سال 2016 میں شروع ہوئی تھی۔ اس پانچ منزلہ اسپتال کے گراؤنڈ فلور میں داخلہ، ایمرجنسی پیتھالوجی ٹیسٹنگ سینٹر اور ریڈیولوجی ڈیپارٹمنٹ کام کر رہے ہیں۔ جبکہ نیفرالوجی، گیسٹرولوجی نیورولوجی اور کارڈیالوجی کے شعبہ جات کی او پی ڈی پہلی منزل پر چل رہی ہے۔ برن اینڈ پلاسٹک سرجری کا شعبہ دوسری منزل پر موجود ہے۔ نیورو سرجری اور نیورولوجی کے شعبے تیسری منزل پر ہیں۔چوتھی منزل پر کارڈیالوجی اور سی ٹی وی ایس کے انتظامات ہیں جبکہ پانچویں منزل پر آپریشن تھیٹر، کیچ لیب، اینستھیزیالوجی، آئی سی یو اور سی سی یو موجود ہیں۔ اس اسپتال کے تمام آٹھ شعبوں کے لیے 20-20 بستروں کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ پری او پی ڈی، پوسٹ او پی ڈی، کیتھلیب، ڈائیلاسز اور آئی سی یو کے لیے 50 بستر ہیں۔ تمام 210 بستروں پر مریضوں کے علاج کے انتظامات کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔