تاثیر 21 اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا،22اکتوبر: خلیج بنگال میں بننے والے طوفان ‘دانا’ کے حوالے سے مغربی بنگال میںپہلے ہی احتیاطی تدابیر کی جا رہی ہین۔ محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے مطابق ‘دانا’ بدھ کی صبح تک طوفان کی شکل اختیار کر سکتا ہے، جس کے بعد یہ مضبوط ہو کر اڈیشہ اور بنگال کے ساحلوں کی طرف بڑھے گا۔ اس طوفان کے اثرات کے پیش نظر مغربی بنگال کے ساحلی علاقوں میں خصوصی تیاریاں کی جارہی ہیں۔
طوفان ابھی پوری طرح تیار نہیں ہوا ہے لیکن انتظامیہ نے ممکنہ خطرے کے پیش نظر ساگردیپ اور دیگھا کے درمیان والے علاقوں میں پہلے ہی وارننگ جاری کر دی ہے۔ مغربی بنگال کے علاوہ پرانے سیاحتی مقام پوری کو منگل تک تقریباً خالی کرا لیا گیا ہے اور اڈیشہ حکومت نے باہر سے آنے والے تمام سیاحوں کو بدھ سے پہلے اپنی اپنی ریاستوں کو واپس جانے کی ہدایت کی ہے۔ اسی طرح انتظامیہ نے بنگال کے دو ساحلی اضلاع مشرقی مدنا پور اور جنوبی 24 پرگنہ میں بھی مستعدی بڑھا دی ہے۔
ساگردیپ، نامخانہ، پاتھر پرتیما، بکھالی جیسے علاقوں میں انتظامیہ نے مائیکنگ شروع کر دی ہے اور فلڈ شیلٹر کے طور پرسائکلون شیلٹرمراکز کو تیار کیا جا رہا ہے۔ کاکدیپ علاقے میں ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مدنا پور میں دیگھا، مندارمنی اور تاج پور جیسے سیاحتی مقامات کی نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔ سمندر میں بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر ان علاقوں میں سیاحوں کو سمندر میں نہانے سے منع کر دیا گیا ہے۔