تاثیر ۹ اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 9 اکتوبر: مرکزی حکومت راجستھان اور پنجاب کے سرحدی علاقوں میں 4,406 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے 2,280 کلومیٹر سڑکیں تعمیر کرے گی۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ نے آج سرحدی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر زور دیتے ہوئے سڑکوں کی تعمیر کی تجویز کو منظوری دی۔کابینہ کے فیصلوں کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے کہا کہ یہ منصوبہ ذہنیت میں تبدیلی کا نتیجہ ہے، جس میں ملک کے دیگر حصوں کے برابر سہولیات کے ساتھ سرحدی علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ اس فیصلے کا سڑک اور ٹیلی کام کنیکٹیویٹی اور پانی کی فراہمی، صحت اور تعلیم کی سہولیات پر بڑا اثر پڑے گا۔ اس سے دیہی معاش میں بھی اضافہ ہوگا، سفر میں آسانی ہوگی اور شاہراہوں کے بقیہ نیٹ ورک کے ساتھ ان علاقوں کا رابطہ یقینی ہوگا۔