تاثیر ۱ اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 01 اکتوبر 2024 وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار نے آج کوسی، گنڈک اور گنگا ندی کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی سروے کیا اور حکام کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں راحت اور بچاؤ کا کام جنگی پیمانے پر کر نے کی ہدایت دی ۔
وزیراعلیٰ نے معائنہ کے دوران افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ آبی وسائل پوری طرح مستعد رہے اور مسلسل مانیٹرنگ کرتے رہیں۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پانی کی سطح کی ڈی ایم مسلسل نگرانی کرتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ انجینئر پوری طرح الرٹ رہیں اور اعلیٰ حکام جائے وقوعہ پر کیمپ کر تے رہیں۔آفات مینجمنٹ محکمہ اس بات کی نگرانی کرتا رہتا ہے کہ اور کیا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاست کے خزانے پر پہلا حق آفت متاثروں کا ہے۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کشتی چلانے، پولی تھین کی شیٹ، امدادی سامان کی دستیابی اور تقسیم، ادویات، مویشی کے چارے، سیلاب میں پناہ کا مقام، کمیونٹی کچن، خشک راشن کے پیکٹ/فوڈ پیکٹ،ضلع ایمرجنسی سینٹر چلانے وغیرہ کے مکمل انتظامات کریں اور ہر قسم کی سہولیات فراہم کریں۔ لوگوں کو ہر طرح کی ریلیف پہنچائیں۔ جن علاقوں میں امدادی سامان پہنچانے میں دشواری ہے وہاں فضائیہ کی مدد سے فوڈ پیکٹ اور امدادی سامان متاثرہ خاندانوں تک پہنچایا جائے۔