تاثیر ۱ اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
ناسک،یکم اکتوبر: مہاراشٹر کے ناسک ضلع کی ایک عدالت نے لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کو طلب کیا ہے۔ راہل کو ہندوتوا کے نظریاتی ونائک دامودر ساورکر کے خلاف ان کے مبینہ قابل اعتراض ریمارکس کے لیے ان کے خلاف دائر ہتک عزت کے مقدمے میں طلب کیا گیا ہے۔ناسک کے ایڈیشنل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ دیپالی پرمل کدوسکر نے راہل کو 27 ستمبر کو ان کے سامنے پیش ہونے کے لیے سمن (نوٹس) جاری کیا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا کہ ایک محب وطن شخص کے خلاف دیا گیا بیان پہلی نظر سے ہتک آمیز لگتا ہے۔ راہل گاندھی کو کیس کی اگلی تاریخ پر ذاتی طور پر یا اپنے قانونی نمائندے کے ذریعے پیش ہونا پڑے گا۔ اس بارے میں فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔ کیس میں شکایت کنندہ ایک این جی او کا ڈائریکٹر ہے۔ان کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے ہنگولی میں راہل کی پریس کانفرنس اور نومبر 2022 میں کانگریس لیڈر کی تقریر بھی دیکھی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ راہل نے دونوں موقعوں پر ویر ساورکر کی ساکھ کو نقصان پہنچایا اور سماج میں ان کی شبیہ کو بھی خراب کرنے کی کوشش کی۔