ڈونالڈ ٹرمپ کا دعویٰ،نیتن یاہو بائیڈن کی بات نہیں سنتے

تاثیر  14  اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

واشنگٹن،14اکتوبر:سابق امریکی صدر اور ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو سے “دو دن قبل” ملاقات کی تھی۔ٹرمپ نے یہ تبصرے فاکس نیوز کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہے جو اتوار کو نشر ہوا۔ٹرمپ نے کہا کہ یہ بات چیت تقریباً دو دن پہلے” ہوئی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم میرے گھر مار-اے لاگو، فلوریڈا میں اپنی اہلیہ کے ساتھ آئے۔ یہ ملاقات دوستانہ ماحول میں ہوئی تھی۔
ٹرمپ نے گذشتہ جولائی میں فلوریڈا کے پام بیچ میں واقع ان کے ریزورٹ میں نیتن یاہو سے ملاقات کی تھی۔امریکی صدر جو بائیڈن نے ایران کے ساتھ کشیدگی کی حالت کے تناظر میں گذشتہ بدھ کو نیتن یاہو سے بات کی۔ ان کی کال اگست کے بعد سے دونوں رہ نماؤں کے درمیان پہلی بات چیت تھی۔ٹرمپ نے بائیڈن اور نیتن یاہو کے درمیان تقریباً دو ماہ سے رابطے کی کمی کو “افسوسناک” قرار دیا۔ٹرمپ نے انٹرویو میں کہا تھا کہ “میں آپ کو بتا سکتا ہوں کہ بی بی (نیتن یاہو) بہت مضبوط ہیں۔ وہ بائیڈن کی بات نہیں سنتے ہیں”۔بائیڈن اور نیتن یاہو کے درمیان تعلقات اسرائیلی وزیر اعظم کی جانب سے غزہ کی جنگ سے نمٹنے اور حزب اللہ کے ساتھ جنگ کی وجہ سے کشیدہ ہو گئے تھے۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ جب تک اسرائیلی محفوظ نہیں ہیں وہ اپنی فوجی کارروائیاں جاری رکھے گا۔