کیمیکل گودام میں آتشزدگی، لاکھوں کا نقصان

تاثیر  21  اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

فیروز آباد، 22 اکتوبر: رام گڑھ تھانہ علاقے کے تحت پیر کی دیر رات ایک کیمیکل گودام میں زبردست آگ لگ گئی۔ فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی اور کئی گھنٹوں کے بعد بڑی محنت سے آگ پر قابو پالیا گیا۔ آگ لگنے سے لاکھوں مالیت کے نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔
رام گڑھ تھانہ علاقہ کے تحت حشمت نگر میں واقع ایک کیمیکل گودام میں پیر کی دیر رات نامعلوم وجوہات سے اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ کچھ ہی دیر میں آگ نے بڑی شکل اختیار کر لی۔ کیمیکل گودام سے آگ کے شعلے اٹھتے دیکھ کر آس پاس کے لوگ حیران رہ گئے۔ چیخ و پکار سے لوگوں کا ہجوم جمع ہوگیا۔ مقامی لوگوں نے ڈائل 112 پر پولیس کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کے ساتھ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں کی۔ آگ اتنی شدید تھی کہ حکام نے شکوہ آباد، سرسا گنج اور ٹنڈلا سے فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو بھی موقع پر بلایا۔ تب جاکر آگ پر قابو پایا جا سکا۔