تاثیر 20 اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
ارریہ/پورنیہ،21اکتوبر: مرکزی وزیر اور بیگوسرائے کے ایم پی گری راج سنگھ کی ہندو سوابھیمان یاترا ارریہ پہنچ گئی ہے۔ ہندو سوابھیمان یاترا اتوار کی دیر رات ارریہ پہنچی۔ اس دوران گری راج سنگھ نے اشاروں ہی اشاروں میں پپو یادو پر شدید حملہ کیا۔ دراصل پپو یادو کچھ دنوں سے گری راج سنگھ کے یاتراپر لگاتار سوال اٹھا رہے تھے۔ ایسے میں ارریہ میں گری راج سنگھ نے ایم پی پپو یادو کا نام لیے بغیر طنزیہ انداز میں کہا کہ پورنیہ میں لوگ کہہ رہے ہیں کہ میری لاش سے گزرنا ہوگا۔ گری راج سنگھ نے کہا کہ میں لاش پر نہیں بلکہ زندہ لوگوں کے چھاتی پر ہو کر سو ابھیمان یاترا پر نکلا ہوں۔ مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے ارریہ آر ایس واقع ٹھاکر باڑی میں بھگوان شری کرشنا کی آرتی میں شامل ہوئے۔ جہاں سوامی دیپانکر جی مہاراج نے مندر میں آرتی پوجا بھی کی۔ اس موقع پر ارریہ آر ایس بازار کے لوگوں نے گری راج سنگھ کا استقبال کیا۔ وہیں پروگرام میں مرکزی وزیر نے تلوار کا مظاہرہ کیا۔

