تاثیر ۲ اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
ارریہ :- ( مشتاق احمد صدیقی ) ویمن اینڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن، ارریہ کے زیراہتمام، بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ اسکیم کے تحت +2 گرلز ہائی اسکول، ارریہ میں بین الاقوامی گرل چائلڈ ڈے فورنائٹ کا افتتاح کیا گیا۔ قابل ذکر ہے کہ خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزارت، حکومت ہند نے 2 اکتوبر سے 11 اکتوبر 2024 تک بین الاقوامی بچیوں کے دن کے موقع پر ضلع میں 10 روزہ خصوصی پروگرام منعقد کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ مندرجہ بالا پروگراموں کے ذریعے لڑکیوں کو تعلیم، صحت کی غذائیت، صنفی عدم مساوات، قانونی حقوق، خواتین کے خلاف تشدد، امتیازی سلوک اور بچوں کی شادی وغیرہ جیسے اہم مسائل سے آگاہ کیا جانا ہے۔ اسی سلسلے میں کل کے پروگرام میں اسکولی طالبات کو مشن شکتی اور چیف منسٹر ناری شکتی یوجنا کے تحت چلائے جارہے مختلف پروگراموں اور ڈسٹرکٹ مشن کوآرڈینیٹر ارریہ کے ذریعہ سماج میں بیٹیوں کی اہمیت کے بارے میں تفصیل سے جانکاری دی گئی۔ صنفی مساوات، جنسی ہراسانی، سائبر سیکورٹی وغیرہ کے بارے میں معلومات صنفی ماہر کی طرف سے دی گئیں۔ ڈسٹرکٹ پراجیکٹ منیجر نے لڑکیوں کو ماہواری کی صفائی، بچوں کی شادی، چائلڈ لیبر وغیرہ کے بارے میں تفصیلی معلومات دیں۔ اس کے علاوہ پروگرام میں حصہ لینے والی تمام لڑکیوں میں ماہواری کی صفائی کی کٹس بھی تقسیم کی گئیں۔ پروگرام میں اسکول کے اساتذہ، ون اسٹاپ سینٹر کے اہلکاروں وغیرہ نے شرکت کیں۔