تاثیر ۴ اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
صنعاء،04 اکتوبر:یمنی حوثیوں کے بعد عراق کے مزاحمتی گروپ نے اسرائیل پر حملہ کرتے ہوئے جنوبی اسرائیل پر ڈرون داغ دیے۔القدس نیٹورک کے مطابق عراقی مزاحمتی گروپ کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق مقبوضہ فلسطین کے جنوبی اسرائیلی علاقے پر پہلی مرتبہ جدید ڈرونز کے ذریعے حملہ کیا گیا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ہمارے جنگجو اسرائیل کے خلاف ان جدید ڈرونز کا استعمال کرتے ہوئے دشمن کے ٹھکانوں پر اور بھی شدید حملے جاری رکھیں گے۔اس سے قبل حوثیوں نے تل ابیب میں فوجی تنصیبات پر ڈرون حملے کیے تھے جس کے بعد شیلٹرز کی طرف بھاگنے والے متعدد اسرائیلی بھی زخمی ہوگئے تھے۔اسرائیلی فوج کی جانب سے تل ابیب پر حملے کیلئے استعمال ہونے والا حوثی باغیوں کے ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ کیا گیا۔ادھر جنوبی لبنان کے سرحدی علاقوں میں حزب اللہ اور اسرائیل فوج کی جھڑپیں جاری ہیں، حزب اللہ کے ٹینک شکن میزائلوں، جدید راکٹوں، بموں کے حملوں سے متعدد اسرائیلی فوجیوں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔حزب اللہ کے جنگجوؤں کی دفاعی حملون کے بعد کئی مقامات پر لبنان کی جانب پیش قدمی کرنے کی خواہشمند اسرائیلی فوج پیچھے ہٹ گئی۔